خالد مقبول سمیت ایم کیو ایم کے متعدد رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

 
0
341

انسداد دہشتگردی عدالت کا مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 11 اگست کو پیش کرنے کا حکم 
کراچی جولائی 07(ٹی این ایس)نسداد دہشتگردی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنویئنر خالد مقبول صدیقی سمیت متعدد رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔ہفتہ کوکراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں ایم کیو ایم رہنماؤں کے خلاف میڈیا ہاؤسز پر حملے، جلا ؤگھیراؤ، ملکی سالمیت کے خلاف نعرے بازی کے مختلف مقدمات کی سماعت ہوئی۔

ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار، خواجہ اظہار، ریحان ہاشمی، عامر خان اور فاروق ستار عدالت میں پیش ہوئے، جب کہ پارٹی کے منحرف رہنما شاہد پاشا اور امجد اللہ خان بھی جج کے روبرو حاضر ہوئے۔عدالت نے عدم پیشی پر دو مقدمات میں ایم کیو ایم بانی، ایم کیو ایم کنویئنر خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل، حیدر عباس رضوی اور سلمان مجاہد بلوچ سمیت دیگر کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے حکم دیا کہ مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 11 اگست تک پیش کیا جائے۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ انتخابی مہم چلانے کے لئے ایم کیو ایم کے پاس دفاتر تک نہیں ہیں، لیکن 25 جولائی کو تبدیلی آئے گی اور ایم کیو ایم منتخب ہوگی، یہاں کے عوام نے پیپلز پارٹی کو مسترد کردیا ہے، عوام کو اس کے صبر کا پھل ملنے والا ہے، اس بار پیپلزپارٹی کی حکومت نہیں ہوگی۔