درہ آدم خیل میں کان سے کوئلہ منتقل کرنے والے لفٹ کا رسہ ٹوٹ جانے سے 2کان کن جاں بحق

 
0
262

کوہاٹ جولائی 10(ٹی این ایس):کوہاٹ سے ملحقہ قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل میں کان سے کوئلہ منتقل کرنے والے لفٹ کا رسہ ٹوٹ جانے سے 2کان کن جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ محکمہ معدنیات کے ایک سنیئر افسر روشان وزیر نے رابطہ کرنے پر تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ درہ آدم خیل کے علاقے بازی خیل کے پہاڑیوں میں کوئلے کی کانیں واقع ہیں جہاں منگل کی صبح کان سے کوئلہ منتقل کرنے کے دوران ایک لفٹ کا رسہ ٹوٹ گیا جس میں سوار دو مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں اواس خان ولد بادشاہ خان اور اسماعیل ولد محمد حاضر شامل ہیں جبکہ محمد رشید ولد مرجان زخمی ہوگیا۔ جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق شانگلہ سوات سے بتایا جاتا ہے۔ معدنیات کے افسر نے بتایا کہ لفٹ میں مزدوروں کو سوار ہوکر منتقل کرنے پر پابندی عائد ہے ۔اس واقعہ کے بارے میں جب اسسٹنٹ کمشنر (سابقہ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ ) کے دفتر رابطہ کیا گیا تو وہاں ٹیلی فون پر موجود اہلکار نے واقعہ سے مکمل لاعلمی کا اظہار کیا۔