بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شوپیاں میں مزید دو نوجوان شہید ،20 سے زائد زخمی

 
0
222

فوجیوں نے ان نوجوانوں کو علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا
بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے گولیوں ، پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا
سرینگر جولائی 10(ٹی این ایس) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران منگل کے روز ضلع شوپیاں کے علاقے کنڈلن میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید اور 20سے زائد کو زخمی کر دیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان عسکریت پسند تھے جنہیں فوج کے ساتھ ایک جھڑپ میں قتل کیاگیا۔ادھر کنڈلن میں بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے بیس سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ فوجیوں نے جیسے ہی علاقے میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی شروع کی لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر زبردست احتجاجی مظاہرے شروع کردیئے ۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے گولیوں ، پیلٹ گنز اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ فورسز کی کارروائی میں بیس سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں جھڑپیں اور فوجیوں کی کارروائی جاری تھی ۔