ہماری پریس کانفرنس کا بلیک آؤٹ کیا گیا، آصف زرداری اور فریال تالپور کے حوالے سے فیصلہ افسوسناک ہے: کائرہ

 
0
366

اسلام آباد ،جولائی 11 (ٹی این ایس):پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہماری پریس کانفرنس کا بلیک آؤٹ کیا گیا ۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کے حوالے سے فیصلے پر افسوس ہے ۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج ہم نے اپنا ایک باقاعدہ موقف پریس کانفرنس میں پیش کیا لیکن میڈیا کی جانب سے یہ نہیں دکھایا گیا ۔ آصف زرداری اور فریال تالپور کے حوالے سے ہمیں عدالت کے فیصلے پر افسوس ہے ۔ نواز شریف کو ریفرنسز چلنے کے باوجود ای سی ایل میں نہیں ڈالا لیکن آصف علی زرداری کو ایک الزام پر ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ۔آصف علی زرداری پر رقم کی منتقلی کا الزام ہے جس کی تحقیقات چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت جب ہمیں بلائے گی توہم عدالت میں پیش ہونگے ۔ ہمارے خلا ف جو جے آئی ٹی بنائی گئی ہے اس کی بھی ہم نے وضاحت پیش کی ہے لیکن میڈیا نے ہمارا موقف عوام کے سامنے نہیں رکھا ، پتہ نہیں کہ یہ بلیک آﺅٹ جان بوجھ کر کیا گیا یا کروایا گیا ہے ۔