کیپٹن (ر)صفدر کو پناہ دینے والوں کے خلاف کارروائی

 
0
462

راولپنڈی جولائی 11(ٹی این ایس)راولپنڈی میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ریلی میں شرکت اور ن لیگ کی مقامی قیادت کے خلاف درج مقدمات پر راولپنڈی پولیس حرکت میں آگئی اور شہر کے مختلف حصوں سے مسلم لیگ ن کے متعدد کارکن گرفتار کر لیے گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ سٹی وارث خان اور نیوٹاؤن میں درج کئے گئے مقدمات میں ملوث کارکنوں کو سزا یافتہ مجرم کی تقریر کروانے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرگرفتار کیا گیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن راولپنڈی کے صدر سردار نسیم احمد خان نے انتظامیہ کے اس اقدام کو انتخابات میں دھاندلی کی پہلی سیڑھی قرار دیا ہے اور الیکشن کمیشن سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔رہنما ن لیگ حنیف عباسی نے اس صورتحال کا ذمہ دار شیخ رشید کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ سب شیخ رشید کی ایما پر کررہی ہے اس صورتحال میں الیکشن مہم چلانا مشکل ہو گیا ہے۔

مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے بھی گرفتاریوں کی مذمت کی اور کہا کہ اس طرح کی گرفتاریاں مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگانے کی مذموم کوشش اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد پرسوالیہ نشان ہیں ۔انہوں نےالیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف تھانوں میں ن لیگ کے 200 کے قریب کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے ۔مقدمات میں مطلوب افراد کی نشاندہی کے بعد باقی تمام افراد کو چھوڑ دیا جائے گا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ درج کئے گئے تین مقدمات میں صرف11 افراد کی عبوری ضمانتوں کے مچلکے پولیس کو موصول ہوئے ہیں۔یاد رہےکیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد منظر عام سے غائب ہو گئے تھے اوردو روز بعد اچانک راولپنڈی میںسینیٹر چوہدری تنویر کے ساتھ راجہ بازار میں ریلی کی قیادت کرتے ہوئے سامنے آئے

نیب کی ٹیم نے اس دوران متعدد بار انہیں گرفتار کرنے کی کوشش بھی کی تھی مگر ساتھی رکاوٹ بنے رہے، اس دوران کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے تقریر بھی کی تاہم انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس نے صفدر کی ریلی میں شامل (ن) لیگ کے 15 رہنماؤں کے خلاف 4 مقدمات درج کئےتھے۔نیب راولپنڈی کی ٹیم نے کیپٹن (ر) صفدر کو سخت سکیورٹی میں جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا۔نیب تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ کیپٹن (ر) صفدر سزا یافتہ مجرم ہے لہذا انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے، عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کے احکامات جاری کئے۔