آصفہ بھٹو زرداری عام انتخابات کے بعد ضمنی الیکشن لیاری یا قمبر شہداد کوٹ میں سے کہاں سے لڑیں گی؟اس حوالے سے حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکا

 
0
833

کراچی،جولائی 12 (ٹی این ایس):بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری عام انتخابات کے بعد ضمنی الیکشن لیاری یا قمبر شہداد کوٹ میں سے کہاں سے لڑیں گی؟اس حوالے سے حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکاہے۔آصفہ بھٹو زرداری کے الیکشن لڑنے کے حوالے سے یہ خبرآئی تھی کہ لاڑکانہ اور لیاری سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر بلاول بھٹو کی کامیابی کی صورت میں لیاری سے ضمنی الیکشن لڑیں گی ۔

اب انکشاف سامنے آیا ہے کہ انہوں نے این اے 202 قمبر شہداد کوٹ سے کاغذات نامزدگی وصول کئے تھے تاہم عمر 25سال سے چند ماہ کم ہونے کی وجہ سے آصفہ بھٹو زرداری نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے ۔دستاویزات کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری کیلئے پرویز احمد ، منصور علی اور محمد صادق نے آراو سے 3 نامزدگی فارم وصول کئے تھے ۔ذرائع نے بتایاکہ آصفہ بھٹو زرداری کی عمر 25سال سے چند ماہ کم ہونے کی وجہ سے نامزدگی فارم جمع نہیں کروائے گئے،شکار پور سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما آفتاب شعبان میرانی کو این اے 202 کا ٹکٹ دیا گیا ہے ۔آفتاب شعبان میرانی آصفہ کی عمر 25سال پوری ہونے کے بعد 3 سے 4 ماہ میں مستعفی ہو جائیں گے۔ آئین کے تحت قومی یا صوبائی اسمبلی کا امیدوار ہونے کے لیے کم از کم عمر کی حد 25 سال مقرر ہے۔