حافظ نعیم الرحمن کی ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقات ٗ پہاڑ گنج اور دیگرعلاقوں میں پانی کی عدم فراہمی پرتبادلۂ خیال

 
0
298

پانی کی منصفانہ تقسیم کی جائے ٗ پہاڑ گنج ٗنارتھ ناظم آباد اورنارتھ کراچی,2,3 7/D1کے علاقہ مکینوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے ۔حافظ نعیم الرحمن
متاثرہ علاقوں میں پانی کو جلد ازجلد اور ترجیحی بنیاد وں پر فراہم کیا جائے گا ۔ایم ڈی واٹر بورڈ کی گفتگو

کراچی 13جولائی (ٹی این ایس)صدر متحدہ مجلس عمل کراچی و حلقہ پی ایس 129کے نامزد ادمیدوار حافظ نعیم الرحمن نے جمعہ کے روز واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس میں ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ سے ملاقات کی اور پہاڑ گنج یوسی 20اورنارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس اور نارتھ کراچی سیکٹر کے 7/D1,2,3میں پانی کی عدم فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا ۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، قاضی صدر الدین ،پبلک ایڈ کمیٹی کے عمران شاہداور شہزاد مظہر ، پہاڑ گنج یوسی 20کے وائس چیئرمین سلطان محمود ، سید شبیر کاکو اور دیگر بھی موجود تھے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو بتایا کہ پہاڑ گنج کے عوام پانی کی عدم فراہمی کا شکار ہیں جس کے باعث پانی کے حصول کے لیے شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، چھوٹے چھوٹے بچے اور بچیاں ، مرد وخواتین بالٹیاں اور پانی کے گیلن اٹھاکر پانی تلاش کرتے رہتے ہیں اسی طرح نارتھ کراچی سیکٹر کے 7D,1اور7D,2میں تو پانی پہنچ جاتا ہے لیکن 7D,3کے علاقہ مکینوں کے لیے پانی کی فراہمی کا کوئی انتظام نہیں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پانی انسان کی بنیادی ضرورت میں ہے جسے عوام کو فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے بتا یا کہ پہاڑ گنج کے عوام اورنارتھ کراچی کے مختلف علاقوں اور سیکٹر 7Dمیں شدید بے چینی واضطراب پایا جاتا ہے ، ہم واٹر بورڈ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ علاقہ مکینوں کو جلد از جلد اور ترجیحی بنیادوں پر پانی فراہم کرے اور پانی کی منصفانہ تقسیم کی جائے تاکہ عوام کا مسئلہ حل ہوسکے ۔سلطان محمود نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہاڑ گنج کے عوام پانی کے لیے ترس رہے ہیں ان کے ساتھ پانی کی فراہمی میں ناانصافی کی جارہی ہے ۔

شہزاد مظہر نے بتایا کہ نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں اورسیکٹر 7D میں پانی نہ ہونے کے باوجود علاقہ مکین پانی کے بل ادا کرتے ہیں جبکہ نارتھ کراچی کے سیکٹر 7/D,3کے علاقہ مکینوں کو وال مینوں کی زیادتی اور غیرمنصفانہ تقسیم کے باعث پانی نہیں مل رہا ۔ ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ نے حافظ نعیم الرحمن سے کہا کہ شہرمیں اس وقت پانی کا شدید بحران ہے اس کے باوجود ہم پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں ۔جن علاقوں کی آپ نے نشاندہی کی ہے ان علاقوں میں جلد از جلد اور ترجیحی بنیادوں پر پانی کی فراہمی کو ممکن بنایا جائے گا ۔