سانحہ مستونگ کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں،ہم شہدا اور زخمیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اس وقت شفاف الیکشن کاانعقادسب سے بڑی ضرورت ہے اور اگر شفاف الیکشن نہ ہوئے توملک کانقصان ہوگا: میڈیا سے گفتگو
کوئٹہ، جولائی 15 (ٹی این ایس): مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف ساراوان ہاؤس پہنچ کر بلوچستان عوامی پارٹی کے شہید رہنماسراج رئیسانی کے اہلخانہ سے تعزیت کی اورمرحوم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سانحہ مستونگ کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں،ہم شہدا اور زخمیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اس وقت شفاف الیکشن کاانعقادسب سے بڑی ضرورت ہے اور اگر شفاف الیکشن نہ ہوئے توملک کانقصان ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کوباتیں کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکناچاہیے اور پنجاب کی نگران حکومت پی ٹی آئی کی حمایت نہ کرے۔
اس سے پہلے ن لیگ نے سانحہ مستونگ کے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے اپنی انتخابی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔ شہباز شریف نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ سانحہ مستونگ پر قومی سوگ کے موقع پر مسلم لیگ (ن) نے ایک روز کیلئے انتخابی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ الیکشن کے انعقاد میں 10 روز رہ گئے ہیں اور اس سے قبل انتخابی سرگرمیوں کو نشانہ بنانا تشویشناک ہے جب کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان، نگران حکومت اور سیکیورٹی فورسز امیدواروں اور سیاسی میٹنگز کو فول پروف سیکیورٹی دینے کے ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل شفاف، آزادانہ اور پر امن انتخابات سے جڑا ہے۔
کوئٹہ روانگی سے قبل انھوں نے ایک اور ٹوئٹر پیغام میں مستونگ دھماکہ ہوئے انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور اور شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔