صدر آزاد جموں وکشمیر کی  بھارتی فوج  کی طرف  سے پونچھ سیکٹر میں  ایک شہری کو  شہید  اور بعد ازاں اس کی نعش کی بے حرمتی کرنے پر زور مذمت

 
0
295

مظفرآباد ، جولائی 16 (ٹی این ایس):صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ روز پونچھ سیکٹر میں کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے بٹل کے علاقے سے تعلق رکھنے والے محمد ارشاد ولد محمد اسلم کو شہید کرنے اور اس کی نعش کی سخت بے حرمتی کرنے پر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے درندگی سے تشبیہ دی ہے۔ محمد ارشاد کو شہید کرنے کے بعد بھارتی فوجیوں نے اس کے سر کو تن سے جدا کر کے نعش کوکنٹرول لائن پر آزادکشمیر کی حدود میں پھینک دیا تھا۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اور لائن آف کنٹرول پر نہتے شہریوں پر انسانیت سوز مظالم کر رہا اورانہیں شدید تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے صدر نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے کشمیریوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا رکھا ہے۔ لیکن مقبوضہ کشمیر کے لوگ اور کنٹرول لائن کے اس پار کشمیری بھارتی استبداد کے سامنے کبھی سر نگون نہیں ہوں گے ۔ اور اپنے حق خودارادیت کی جدوجہد کو جاری و ساری رکھیں گے۔