صدر آزاد جموں وکشمیر کی زیر صدارت آزادکشمیر کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کی کانفرنس کا انعقاد

 
0
380

آزاد جموں وکشمیر کی سرکاری جامعات میں طلباء کو جدید سہولیات فراہم کرنے  میں کوئی دقیقہ فرد گزاشت نہیں کریں گیں: صدر آزاد کشمیر

مظفرآباد ، جولائی 16 (ٹی این ایس): صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد جموں وکشمیر کی سرکاری جامعات میں آزادکشمیر اور پاکستان سے آئے ہوئے طلبہ کو جدید اور اعلیٰ تعلیمی سہولیات مہیا کرنے میں کوئی دقیقہ فرد گزاشت نہیں کریں گیں اور تحقیق وجدت کو فروغ دینے کے لئے انتھک محنت و کاوشیں کریں گی ۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر نے آزادکشمیر کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ کانفرنس آج ایوان صدر مظفرآباد میں منعقد ہوئی جس میں وائس چانسلر جامعہ آزاد جموں وکشمیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان، وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی باغ پروفیسر ڈاکٹر محمد حلیم خان ، وائس چانسلر میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف کوٹلی پروفیسر ڈاکٹر دلنواز احمد گردیزی نے شرکت کی۔

کانفرنس میں جامعات سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے جن میں جامعات کے اندر مختلف نئے شعبہ جات کا اجراء سب کیمپسز کا قیام ، جاب فیئرز ، مختلف سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد ، جامعات کے آئین ،بین الاجامعات مقابلہ جات اور دیگر مالی ، انتظامی و تدریسی امور کے متعلق سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر جامعات کے وائس چانسلرز نے صدر کو (جو کہ آزادکشمیر کی سرکاری جامعات کے چانسلر بھی ہیں )اپنی اپنی جامعہ میں یونیورسٹی آئین کی تشکیل کے بارے میں پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ آہائین بہت جلد حتمی منظوری کے لئے پیش کئے جائیں گے۔

صدر آزادجموں وکشمیر نے اپنی گزشتہ میٹنگ کے دوران جامعات میں جاب فیئرز اور مختلف موضوعات جیسے کہ مسئلہ کشمیر ، پاک چین اقتصادی راہداری پر سیمینار کے انعقاد کی تاکید کی تھی جس پر صدر گرامی کو بتایا گیا کہ جامعہ کوٹلی ، جامعہ پونچھ اور جامعہ آزاد جموں وکشمیر مظفرآباد ستمبر 2018کے شروع میں جاب فیئرز کا انعقاد کرے گی جبکہ جامعہ وویمن باغ اگست کے وسط میں جاب فیئر منعقد کرے گی۔ صدر نے کہا کہ اس ضمن میں تمام انتظامات کو تیز کیا جائے تاکہ یہ جاب فیئرز بروقت پر انعقاد پذیر ہو سکیں ۔

اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو یاد رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ ہمیں آزاد کشمیر کی نامور شخصیات جنہوں نے خطہ آزادکشمیر کی آزادی اور اس کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ان کی زندگیوں سے متعلق نوجوان نسل کو روشناس کرانے کے لئے سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقا دکرنا چاہیے۔