نیب راولپنڈی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر/ممبر کنسلٹنٹس ہائیرنگ کمیٹی این ٹی ایس طاہر مقبول خاکوانی کو گرفتار کر لیا

 
0
634

اسلام آباد  19 جولائی (ٹی این ایس) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے ایڈیشنل ڈائریکٹر/ممبر کنسلٹنٹس ہائیرنگ کمیٹی نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) طاہر مقبول خاکوانی کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹیسٹنگ سروس انتظامیہ کے بعض افسران بدعنوانی میں ملوث پائے گئے ہیں اور وہ جان بوجھ کر امیدواروں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے مالی بدعنوانی کے ذریعے این ٹی ایس کو 158 ملین روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر این ٹی ایس ہارون رشید نے دیگر ملزمان سے ملی بھگت کرکے علاقائی سربراہ کے طور پر کنسلٹنٹس بھرتی کئے اور این ٹی ایس فنڈ سے بھاری رقوم خوردبرد کی اور یہ رقوم ذاتی مفادات کیلئے استعمال کی۔ ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر بینک چیکوں کے ذریعے کنسلٹنٹسی کی مد میں کاغذات پر ادائیگیاں کیں اور ملزمان نے یہ نقد رقوم خود وصول کرکے استعمال کی۔ چیکس کی حقیقت یہ ہے کہ مذکورہ جعلی کنسلٹنٹس کے اکاؤنٹس میں متعلقہ علاقائی سربراہوں کی جانب سے ادا کی گئی رقم وصول کی گئی۔

ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے کہا ہے کہ نیب بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم برآمد کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام متعلقہ فریقوں کی کوششوں اور تعاون سے بدعنوانی کو روکا جا سکتا ہے۔ نیب افسران چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت میں اپنے قومی فرض کو پیشہ واریت اور کسی شخصیت کے خلاف کارروائی کئے بغیر اپنے قومی فرض کو پورا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔