ووٹ کو عزت دو محض ایک نعرہ نہیں میرے لیے ایمان کا حصہ ہے ،اسی میں ملک کی بقاء ہے ‘ نواز شریف 

 
0
451

میرے خلاف جو اقدامات اٹھائے گئے تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی ،سوشل میڈیا ،لیگی پولنگ ایجنٹس کیلئے مرتب کردہ تحریری ہدایت نامے میں پیغام
لاہور جولائی 19(ٹی این ایس)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دو محض ایک نعرہ نہیں میرے لیے ایمان کا حصہ ہے اوراسی میں ملک کی بقاء ہے ،میرے خلاف جو اقدامات اٹھائے گئے تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔

نواز شریف کا یہ پیغام مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا اور لیگی امیدواروں کے چیف پولنگ ایجنٹس کیلئے مرتب کردہ تحریری ہدایت نامے میں دیا گیا ہے جبکہ اس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کا پیغام بھی شامل ہے۔ نواز شریف کے پیغام کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ سازشوں کا سلسلہ جاری ہے ،پاناما میں میرا نام تک شامل نہیں تھالیکن میرے خلاف من گھڑت مقدمہ بنایا گیا ۔سب سے پہلے مجھے وازرت عظمیٰ ، پھر مسلم لیگ (ن)کی صدارت سے ہٹایا گیا ،یہ ایسے اقدامات ہیں جن کی پاکستانی سیاسی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دو محض ایک نعرہ نہیں میرے لیے ایمان کا حصہ ہے اسی میں ملک کی بقا ء ہے ۔