امتحانات میں 2لاکھ 32ہزار 46طلبہ نے حصہ لیا،1لاکھ 74ہزار 63طلبہ نے امتحانات میں کامیابی حاصل کی
لاہور بورڈ کی جانب سے پوزیشن ہولڈر طالب علموں کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد ،تعریفی اسناد ،انعامات تقسیم
لاہور 21جولائی( ٹی این ایس) اعلیٰ و ثانوی تعلیمی بورڈلاہور نے میٹرک سالانہ امتحانات(جماعت دہم) کے تفصیلی نتائج کا اعلان کر دیا ۔ اس امتحان میں 232046طالب علموں نے حصہ لیا جبکہ 174363طالب علموں نے امتحان میں کامیابی حاصل کی ، اس طرح کامیابی کا مجموعی تناسب 75.14فیصد رہا ۔
لاہور بورڈ کی جانب سے میٹرک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کے اعزاز میں خصوصی تقریب یہاں مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی ۔ کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبٰی پراچہ کی زیر صدارت منعقد ہونے والی تقریب میں چیئر مین لاہور بورڈ پروفیسر چودھری محمد اسماعیل، سیکرٹری ڈاکٹرریحانہ الیاس ، کنٹرولر (امتحانات)پروفیسر ناصر جمیل ، پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات ، ان کے والدین ، اساتذہ اور شعبہ تعلیم سے وابستہ نمایاں شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
کمشنر لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے پوزیشن ہولڈر طالب علموں میں میڈلزاور اسناد تقسیم کیں۔ امیدواران کو پہلی، دوسری، تیسری پوزیشن کے لیئے تعریفی اسناد کے ساتھ ساتھ بالترتیب 20ہزار، 15ہزاراور 10ہزار روپے کے نقد انعامات اور سونے ،چاندی اورکانسی کے میڈلز دیے گئے ۔ لاہور بورڈ کی جانب سے ان طالب علموں کے اساتذہ کو میڈلز سے نوازا گیا جبکہ مہمان خصوصی ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے اول پوزیشن حاصل کرنے والے وسیم یٰسین اور توصیف افضل کو لیپ ٹاپ بھی دیے ۔
چیئر مین لاہور بورڈ چودھری محمد اسماعیل اورکنٹرولر پروفیسر ناصر جمیل نے امتحانی نتائج کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ لاہور بورڈ نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے رزلٹ لیٹ فری نتائج کا اعلان وقت مقرر پر کیا ہے ۔پروفیسر چودھری محمد اسماعیل نے بتایا کہ تفصیلی نتائج لاہور بورڈ کی ویب سائٹ ww.biselahore.comپر اَپ لوڈ کر دئیے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے نتائج معلوم کرنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے ۔ کمشنر لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے اپنے صدارتی خطاب میں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو مبارک باد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ زندگی میں تعلیمی کامیابیوں کی روایات برقرار رکھیں گئے۔ اس موقع پر پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ محنت ، لگن اور دیانت کو شعاربنا کر زندگی میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے ۔سیکرٹری لاہور بورڈ پروفیسر ریحانہ الیاس نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیے ۔