سال کا دوسرا اور رواں صدی کا سب سے طویل چاند گرہن 27 جولائی کو ہوگا

 
0
475

لاہور21جولائی( ٹی این ایس )سال کا دوسرا اور رواں صدی کا سب سے طویل چاند گرہن 27 جولائی کو ہوگا جس کا دورانیہ چھ گھنٹے چودہ منٹ ہوگا۔ماہرین فلکیات کے مطابق مکمل چاند گرہن کا دورانیہ ایک گھنٹہ بیالیس منٹ اور ستاون سیکنڈز ہوگا۔پاکستان میں چاند گرہن 27 جولائی رات دس بجکرچودہ منٹ پر شروع ہوگا جو 28 جولائی کی صبح چار بجکر اٹھائیس منٹ پر ختم ہوگا۔

جبکہ مجموعی طور پر چاند کو لگنے والے گرہن کا مشاہدہ تین گھنٹے پچپن منٹ تک کیا جا سکے گا۔ستائیس جولائی کو چاند زمین کے تاریک ترین حصے سے براہ راست گزرے گا جس سے چاند کی رنگت سرخ نظر آئے گی۔ ایسا چاند بلڈ مون کہلاتا ہے۔

چاند گرہن ایشیا، یورپ، افریقہ، آسٹریلیا سمیت دنیا بھر میں دیکھا جاسکے گا، چاند گرہن پاکستان میں بھی نظر آئے گا۔واضح رہے کہ چاند کو گرہن اس وقت لگتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے بیچ میں آ جاتی ہے۔ اس سے قبل رواں سال کا پہلا چاند گرہن 31 جنوری کو ہوا تھا۔