نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری کی بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ علاؤالدین مری سے ملاقات

 
0
427

دونوں نے نگران حکومتوں کو حاصل مینڈیٹ کے مطابق انتخابات کے انعقاد سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا
نگران حکومتیں صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گی ‘ نگران وزراء اعلیٰ کا عزم
کوئٹہ /لاہور 21جولائی( ٹی این ایس) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کوئٹہ میں نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری سے ملاقات کی۔نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری اور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹرحسن عسکری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ نگران حکومتیں صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گی اور تمام سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے،

نگران حکومتوں کی غیرجانبداری پر کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے۔ دونوں وزراء اعلیٰ نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کے منفی پروپیگنڈہ کو خاطر میں لائے بغیر آزادانہ طور پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ اس موقع پر نگران حکومتوں کو حاصل مینڈیٹ کے مطابق انتخابات کے انعقاد سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزراء اعلیٰ نے کے پی کے اور بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن قوتیں انتخابات کے پرامن ماحول میں انعقاد کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہی ہیں تاہم سیکورٹی ادارے مستعد رہتے ہوئے منفی قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنارہے ہیں اور ملک بھر میں پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی توجہ کوئٹہ میں حکومت پنجاب کی جانب سے امراض قلب کے ادارے کے قیام کی منصوبے کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے یہ منصوبہ تعطل کا شکار ہے جس پرفوری عملدرآمد کے آغاز کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے یقین دلایا کہ وہ کوشش کریں گے کہ منصوبے پر جلد کام شروع کروایا جائے اور اس حوالے سے وہ محکمہ صحت پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم کے حصول کے مواقع کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔نگران صوبائی وزیر وقانون پنجاب ضیاء حیدر رضوی ، نگران صوبائی وزراء بلوچستان امام بخش بلوچ،سلام خان، چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی اوروزیراعلیٰ پنجاب کے سیکرٹری بھی ملاقات میں موجود تھے۔