شہباز شریف الیکشن ہارا تو سیدھا اڈیالہ جیل جائے گا، زرداری اور نواز کا سب کچھ باہر ہے: عمران

 
0
618

اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے بلے کو ووٹ دو، ان شاء اللہ 26 جولائی کو ایک نیا پاکستان بنے گا: اسلام آباد میں انتخابی جلسہ سے خطاب

اسلام آباد، جولائی 21 (ٹی این ایس): اربوں روپے کھانے والا کہتا ہے کہ جیل میں سہولیات نہیں، کیا نواز شریف کو فائیو اسٹار ہوٹل میں رکھیں؟ شہباز شریف الیکشن ہارا تو سیدھا اڈیالہ جیل جائے گا، زرداری اور نواز کا سب کچھ باہر ہے، قبضہ گروپ کا پیسہ لاکر عوام پر خرچ کروں گا، اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے بلے کو ووٹ دو، ان شاء اللہ 26 جولائی کو ایک نیا پاکستان بنے گا۔یہ بات چیئرمین تحریک انصاف عمران کان نے آج شام اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی یاد تازہ ہوگئی، تبدیلی کیلئے نکلا تھا، 10 سال کے دوران مہنگائی کا طوفان آچکا، سیاست میں آیا تو ڈالر 30 روپے کا تھا آج 130 کا ہوگیا ہے، قوم روز بروز غریب ہوتی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اربوں روپے لوٹ کر جیل جانیوالا کہتا ہے گرمی لگ رہی ہے، مچھر کاٹ رہے ہیں، غسل خانہ ٹھیک نہیں، کیا نواز شریف کو فائیو اسٹار ہوٹل میں رکھیں؟، کیا جیل صرف چھوٹے چوروں کیلئے ہے؟، ملکی خزانہ لوٹنے والوں کیلئے اے کلاس کی جیل ہے۔ ملک 28 ارب ڈالر کے قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، شہباز شریف کا بہت برا حال ہے، وہ الیکشن ہارا تو سیدھا اڈیالہ جیل جائے گا۔ترامڑی میں کارکنوں سے خطاب میں عمران خان بولے کہ ن کو شکست دینے کیلئے جنون کی ضرورت ہے، سب سے بڑا مسئلہ پانی کی عدم فراہمی ہے، صاف پانی تو دور، یہ پانی ہی نہیں دے سکے، حکمران امیر اور عوام غریب تر ہو گئی، قوم کے 300 ارب چوری کرکے باہر بھیجے گئے، قبضہ گروپ اس ملک پر چھائے ہوئے ہیں، زرداری ہو یا نواز ان کا سب کچھ باہر ہے، قبضہ گروپ کا پیسہ لاکر عوام پر خرچ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ قوم موقع ضائع نہ ہونے دے، اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے بلے کو ووٹ دو، بچہ بچہ ایک لاکھ 60 ہزار روپے کا مقروض ہے، اللہ ایسے موقع بار بار نہیں دیتا، ان شاء اللہ 26 جولائی کو ایک نیا پاکستان بنے گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ 44 لاکھ لوگوں کیلئے ایک میو اسپتال ہے، کسی بھی اسپتال چلے جائیں، 3، 3 مریض ایک بستر پر ہیں، ملک بھر میں ٹیکنیکل یونیورسٹیاں بنائیں گے، نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ہنر بھی فراہم کریں گے۔کرک اور بنوں میں جلسوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ عالمی قوتیں ہیں، بھارتی میڈیا بھی ان کے ساتھ ہے، شہباز شریف کو خواب میں بھی ”میں“ دکھائی دیتا ہوں، جو اپنے بھائی سے وفا نہ کر سکا وہ ملک سے کیا کرے گا۔