صدر مملکت کا اکرام اللہ گنڈا پور اور اکرم خاں درانی پر حملوں پر  اظہار افسوس

 
0
566

انتخابی عمل کے دوران عدم برداشت کا بڑھتا ہوا رجحان انتہائی تکلیف دہ ہے ،متعلقہ ادارےانتخابی امیدواروں سمیت وطن عزیز کے ہر شہری کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں: بیان

اسلام آباد، جولائی  22 (ٹی این ایس): صدر مملکت ممنون حسین نے انتخابی مہم کے دوران بڑھتے ہوئے تشدد پر تشویش اور خیبر پختونخواہ میں اکرام اللہ گنڈا پور اور اکرم خاں درانی پر حملوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے، انھوں نے ان حملوں میں ایک انتخابی امید وار اکرام اللہ گنڈا پور کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا، ان کے بلندی درجات کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق ایوان صدر سے جا ری کر دہ بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ انتخابی امیدواروں سمیت وطن عزیز کے ہر شہری کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں تاکہ پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران عدم برداشت کا بڑھتا ہوا رجحان انتہائی تکلیف دہ ہے، جس کے نتیجے میں سیاسی عمل مزید پیچیدگی کا شکار ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ عبوری حکومت اور تمام متعلقہ قومی اداروں کی یہ پہلی ذمہ داری ہے کہ انتخابی و سیاسی عمل کو شفاف، غیر جانبدار اور منصفانہ بنانے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کریں تاکہ ملک کو ماضی کے تلخ تجربات کے بد صورت نتائج سے محفوظ رکھا جاسکے۔