اسلام آباد جولائی 25(ٹی این ایس)نادرا نے اپنے دفاتر آج دوپہر 2 بجے تک کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ترجمان کے مطابق نادرا نے5دن میں ساڑھے6لاکھ شہریوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کیے، 5دن میں ساڑھے6لاکھ کا رڈز پرنٹ ہوئے ہیں، کوریئر کمپنی نے5لاکھ85ہزار کارڈز سینٹرز پر پہنچادیئے ہیں۔ترجمان نادرا کا مزید کہنا ہے کہ 5دن میں3لاکھ شہریوں کو ان کے شناختی کارڈز مل چکے ہیں، تقریباً3لاکھ شناختی کارڈز نادرا سینٹرز پرموجود ہیں،۔
ترجمان نے بتایا کہ کارڈ پرنٹنگ عمل 24 گھنٹے کی بنیاد پر جاری رہا، شہری نادرا دفتر سے شناختی کارڈ حاصل کرکے ووٹ ڈال سکیں گے۔نادرا دفاتر آج دن دو بجے تک کھلے رہیں گے، شہری نادرا دفترسے شناختی کارڈ حاصل کرکے ووٹ ڈال سکیں گے۔خیال رہے کہ آج ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے جس میں 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار 409 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
یاد رہے گزشتہ روز لاہور کے علاقے شفیق آباد کی یوسی 50 قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 سے سیکڑوں قومی شناختی کارڈ برآمد کیے گئے ہیں، یہ شناختی کارڈ 3تھیلوں میں بند کرکے نالے میں پھینکے گئے تھے۔یہ شناختی کارڈ علاقے کے بچوں نے نالے سے نکالے ہیں، تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ شناختی کارڈ کس کے ہیں اور اتنی بڑی تعداد میں کس نے جمع کیے تھے اور نالے میں کیوں پھینکے گئے ہیں؟دوسری جانب گندے نالے سے ملنے والے شناختی کار پر نادرا نے وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ تمام شناختی کارڈز منسوخ شدہ ہیں۔
ترجمان نادرا کے مطابق شناختی کارڈز 2010 سے پہلے کے ہیںجو زائد المیعاد ہونے کی وجہ سے منسوخ ہوچکے ہیں اور ان کی جگہ پر نئے کارڈز بھی جاری کردیے گئے ہیں ،اس لئے یہ کارڈ ز 2018ء کے الیکشن میں ناقابل استعمال ہیں۔ترجمان کامزیدکہنا تھا کہ نئی ووٹر لسٹوں میں نئے شناختی کارڈز کی تصاویر آویزاں ہیں،اس لئے بھی منسوخ شدہ شناختی استعمال نہیں ہوسکیں گے۔













