فرحان سعید کی ووٹ کاسٹ نہ کرنے والے فنکاروں پر تنقید

 
0
643

کئی اداکار ٹورنٹو میں اہم ایوارڈز تقریب میں شرکت کیلئے روانہ ہو چکے ہیں
کراچی 25جولائی(ٹی این ایس)پاکستانی گلوکار و اداکار فرحان سعید نے انتخابات 2018 سے قبل دوسرے ممالک جانے والی اہم شخصیات اور عام عوام کو تنقید کا نشانہ بنایا۔فرحان سعید نے ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ لوگ اس طرح ملک کے مستقبل کو مذاق نہ سمجھیں۔گلوکار کا کہنا تھا کہ ’میری انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اور جو بھی لوگ اس اہم ترین وقت میں پاکستان سے باہر جارہے ہیں، یہ بہت دکھ کی بات ہے، آپ سے درخواست ہے کہ ہمارے ملک کے مستقبل کو مذاق نہ سمجھیں۔

فرحان سعید نے اپنی ٹویٹ میں تو کسی کا نام نہیں لیا، تاہم ایسا محسوس ہورہا ہے کہ وہ ہم ایوارڈز میں شرکت کے لیے ٹورنٹو جانے والے اسٹارز پر تنقید کررہے ہیں۔یاد رہے کہ فرحان سعید سوشل میڈیا پر پاکستان تحریک انصاف کو سپورٹ کرتے نظر آرہے ہیں، جنہوں نے پی ٹی آئی کی انتخابی مہم کا ترانہ بھی گایا۔خیال رہے کہ 28 جولائی کو ہم ایوارڈز ٹورنٹو میں منعقد ہونے جارہے ہیں جس کی تیاری کے لیے بہت سے پاکستانی اداکار وہاں روانہ ہوچکے ہیں۔