اسلام آباد26جولائی(ٹی این ایس)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے بانی قائد محمد نواز شریف نے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے اورکہا ہے کہ الیکشن چوری کرلئے گئے ہیں، تحریک انصاف کو خیبرپختونخواہ میں بدترین کارکردگی کے باوجود جتوایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ کیس میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے بند سابق وزیراعظم نواز شریف نے انتخابی نتائج پر رد عمل دے دیا اور کہا ہے کہ الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے، الیکشن چوری کرلئے گئے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کو خیبرپختونخواہ میں گزشتہ پانچ سال کے دور حکومت میں بدترین کارکردگی کے باوجود جتوایا گیا، خیبرپختونخواہ کے نتائج کی بنیاد پر ملک بھر کے نتائج پر اثر ڈالا گیا۔اکچھ حلقے تو ایسے بھی ہیں جہاں سے ن لیگ تو ہار ہی نہیں سکتی تھی لیکن اسے دھاندلی کے ذریعے ہرایا گیا ۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ پارٹی کرے گی، ہم سول بالادستی کیلئے کھڑے رہیں گے۔