ایم کیو ایم نے انتخابی نتائج مسترد کردئیے، تحقیقات کا مطالبہ

 
0
328

کراچی26 جولائی (ٹی این ایس)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے انتخابی نتائج مسترد کردئیے، عمران خان کو مبارکباد دیتے ہوئے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔

کنویئر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے فاروق ستار، فیصل سبزواری اور دیگر کے ساتھ عارضی مرکز بہادرآباد پر پریس کانفرنس کی ۔پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ پری پول سیٹنگ ہوچکی ہے ، پہلے حلقہ بلندیوں میں تبدیلی کروائی گئی جبکہ ایم کیو ایم کے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ بوتھ سے نکالا گیاایسی بدترین دھاندلی پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوئی ۔انہوں نے عمران خان کوانتخابات جیتنے پر مبارکباد بھی دی اور دھاندلی کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کردیا،انھوں نے الیکشن کمیشن کے کردار کو مشکوک قراردے دیا۔اس موقع پر فاروق ستار کا کہنا تھا بہت باریک کام کیا گیا، گنتی کے وقت نتائج تبدیل کردیئے گئے، فارم 45 نہ دے کر سیٹنگ کی گئی ہے۔عجیب بات یہ ہے کہ چترال کا نتیجہ چار گھنٹے میں سنا دیا گیا جبکہ کراچی کی نشست این اے 246 کا نتیجہ ابھی تک نہیں آیا ہے۔