نواز شریف، مریم اور صفدر کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی

 
0
365

اسلام آباد جولائی 31(ٹی این ایس) ایون فیلڈ ریفرنس میں قید کی سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کریں گے جب کہ عدالت نے گزشتہ سماعت پر تمام اپیلوں پر نیب کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کیا تھا۔

احتساب عدالت سے سزا پانے والے تینوں مجرموں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ضمانت کی الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں۔ہائیکورٹ نے درخواستیں منظور کیے جانے کے بعد اپنے تحریری حکم نامے میں قرار دیا تھا کہ وکلا صفائی کے اٹھائے گئے نکات زیربحث لانے کی ضرورت ہے۔سابق وزیراعظم نواز شریف ناساز طبیعت کے باعث ڈاکٹروں کے مشورے سے پمز اسپتال اسلام آباد میں زیرعلاج ہیں جب کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔یاد رہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔ سابق وزیراعظم اپنی صاحبزادی کے ہمراہ 13 جولائی کو وطن واپس لوٹے تو دونو کو طیارے سے ہی گرفتار کرتے ہوئے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔