سپریم کورٹ کا مشرف رسول کی بطورسی ای اوپی آئی اے تعیناتی پراظہار برہمی

 
0
1098

اسلام آباد جولائی 31(ٹی این ایس): سپریم کورٹ میں سربراہ پی آئی اے کی تعیناتی اور ادارے کی نجکاری کے خلاف درخواستوں پرسماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بڑا ڈھونڈ کرپی آئی اے کا سربراہ لگایا ہے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سربراہ پی آئی اے کی تعیناتی اور ادارے کی نجکاری کے خلاف درخواستوں پرسماعت ہوئی۔

عدالت میں سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ مشرف رسول 1999 میں وزیراعلیٰ مہتاب عباسی کے چیف آف اسٹاف تھے۔وکیل درخواست گزار نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مشرف رسول مطلوبہ تعلیمی قابلیت پر پورا نہیں اترتے، انہیں کسی ایئرلائن میں کام کرنے کا 25 سالہ تجربہ بھی نہیں ہے ، وہ تعلیمی اعتبار سے معالج ہیں۔چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ بڑا ڈھونڈ کرپی آئی اے کا سربراہ لگایا ہے، سیدھا سادہ نیب کا کیس ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عرفان نعیم منگی معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں۔مشرف رسول نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے وکیل کرنے کا موقع دیا جائے، چیف جسٹس نے ان سے استفسار کیا کہ آپ کا سردار مہتاب عباسی سے کیا تعلق ہے۔؟ انہوں نے ریمارکس دیے کہ آپ مسلسل عدالت کو دھوکا دے رہے ہیں۔عدالت عظمیٰ نے مشرف رسول کی بطورسی ای اوپی آئی اے تعیناتی پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔