پاک فوج نے پاکستانی چوٹی پر پھنسے روسی کوہ پیما کو بچا لیا

 
0
467

راولپنڈی جولائی 31(ٹی این ایس)پاک فوج نے پاکستانی چوٹی لاتوک ون کو سر کرتے ہوئے اس پر پھنس جانے والے روسی کوہ پیما الیگزینڈر گوکوف کو بچا لیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق روسی کوہ پیما کو پاک فوج نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک مشکل آپریشن کے بعد ریسکیو کیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا ہے کہ روسی کوہ پیما لاتوک پیک 1پر 20650 فٹ کی بلندی پر 25جولائی سے پھنسا ہوا تھا۔آئی ایس پی آرنے بتایا ہے کہ روسی کوپیما کے پاس تین دن قبل کھانے پینے کا سامان بھی ختم ہوگیا تھا، جبکہ اسے ریسکیو کرنے کی کوششیں 26 سے 30 جولائی تک جاری رہیں۔برفانی بادلوں کے سبب روسی کوہ پیما کو تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔اس مہم جوئی کے نتیجے میں روسی کوہ پیما الیکگزینڈر گوکوف کے ساتھی سرگئی گلازنوف اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔واضح رہے کہ لاتوک ون پاکستانی پہاڑی سلسلے قراقرم کی ایک بلند چوٹی ہے جسے سر کرنے کے لیے غیرملکی کوہ پیما پاکستان کا رخ کرتے ہیں۔