حلقہ این اے45 کے تمام 131پولنگ سٹیشنوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی‘ متحدہ مجلس عمل کے امیدوار کی برتری برقرار رہی

 
0
249

کوہاٹ31جولائی (ٹی این ایس) قبائلی ضلع کرم کے حلقہ این اے45 کے تمام 131پولنگ سٹیشنوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے اْمیدوارسیدجمال جیت نہ سکے اور ہار گئے جبکہ متحدہ مجلس عمل کے اْمیدوار منیرخان اورکزئی کی برتری برقرار رہی اور جیت گئے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے اْمیدوار سیدجمال اور پارٹی ورکروں نے اس حلقہ میں مبینہ دھاندلی کے خلاف چند روز قبل زبردست احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا تھا جس کے بعد ضلعی ریٹرننگ افسر اور ڈپٹی کمشنر بصیر خان وزیرنے پیر کے روز دوبارہ گنتی کی اجازت دی تھی جو رات گئے تک جاری رہی ۔اس موقع پرلوئر کرم کی تحصیل ہیڈکوارٹرصدہ میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور جلوس نکالنے پرپابندی لگائی گئی تھی۔ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے کرم ملیشیا اور لیوی فورس نے کینٹ کے علاقہ کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔

رات دیر تک جاری رہنے والی دوبارہ گنتی میں سرکاری ختمی نتائج کے مطابق متحدہ مجلس عمل کے اْمیدوار منیرخان اورکزئی کے 98 ووٹ کم ہوئے لیکن سب سے زیادہ16255 ووٹ حاصل کرکے اپنی برتری برقرار رکھی اور کامیاب قرارپائے جبکہ پی ٹی آئی کے اْمیدوارسیدجمال کے106 ووٹ کم ہونے کے بعد 13495ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور آزاد اْمیدوار فخرزمان22 ووٹوں کے اضافہ کے بعد 11392ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے ۔

اس حلقہ میں کل 149 پولنگ سٹیشن تھے اور تمام پولنگ سٹیشنوں میں ڈالے گئے 57987ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی جن میں 1810 مستردووٹ بھی شامل تھے ۔دلچسپ امریہ ہے کہ اس حلقہ میں 28 آزاداْمیدواروں سمیت کل38 اْمیدواروں کے مابین مقابلہ تھا جن میں نصف اْمیدواروں میں سے کوئی بھی 100ووٹ نہیں لے سکا جبکہ 13 دیگراْمیدواروں میں سے کوئی بھی اْمیدوار500 ووٹ نہیں لے سکا اور اس طرح 32 سے زیادہ اْمیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہونے کا امکان ہے۔دریں اثناء گزشتہ شب دوبارہ گنتی میں جیت کے بعد منیر خان اورکزئی کے سپورٹرز نے صدہ شہر کے گردو نواح میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے زبردست آتش بازی کا مظاہرہ کیا۔