موسم گرما کی تعطیل کے بعد آج سے اسکول کھل گئے

 
0
615

اسلام آباد اگست 1(ٹی این ایس):گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہوگئیں،ساتھ ساتھ گھومنے پھرنے اور سیر سپاٹے کا بھی دی اینڈ ہوگیا، موج مستی کا یہ سہانا دور تو دو ہفتے قبل ہی ختم ہوجاتا مگر انتخابات نے بچوں کی موجیں کرا دیں۔سندھ، خیبرپختون خوا اور بلوچستان کے کچھ علاقوں کے نجی و سرکاری اسکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہوگئیں، تعلیمی اداروں میں آج سے پڑھائی شروع ہورہی ہے۔

موسم گرما کی تعطیلات رمضان اور گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے 15 مئی سے 15 جولائی تک دی گئی تھیں تاہم انتخابات کی وجہ سے تعطیلات میں 15 دن کا مزید اضافہ کر کے انہیں 31 جولائی تک کر دیا گیا تھا۔ڈھائی ماہ دیر سے اٹھنے والے بچے اور والدین صبح صبح اٹھ گئے، موج مستیاں ختم ہوگئیں، گرمیوں کی چھٹیاں گزارنے کے بعد بچے آج سکول جانے کے لیے کافی پرجوش نظر آئے۔

تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہوگئیں مگر ملک کے کئی علاقوں میں گرمی نے ابھی بھی ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔کراچی میں علی الصبح بچے وینوں، ذاتی گاڑیوں کے ذریعے اور پیدل بھی اپنے اسکولوں کی جانب گامزن نظر آئے،تاہم پہلا دن ہونے کی وجہ سے بچوں کی تعداد معمول سے کم نظر آئی۔

بچوں نے دورانِ تعطیلات دیا گیا ہوم ورک بھی مکمل کیا، والدین کا کہنا ہے کہ بچوں نے چھٹیوں میں خوب ادھم مچایا لیکن اب صرف پڑھائی پر توجہ دینا ہو گی۔گرمیوں کی تعطیلات میں بچوں نے دادا دادی، نانا نانی کے گھروں کا رخ کیا اور کزنز کے سا تھ مل کر خوب ہنگامہ مچایا، پورے سال جہاں جہاں جانے کی پلاننگ کی،اسے عملی جامہ بھی پہنایا گیا۔کراچی میں سی ویو اور واٹر پارکس پر بچوں نے ہلا گلا کیا تو لاہورکا اقبال پارک اور شالیمار باغ بھی بچوں کی تفریح کا مرکز رہا، کچھ بچوں نے چھٹیاں گزارنے کے لیے ملک کے دیگر علاقوں کا بھی رخ کیا۔دورانِ تعطیلات تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی انتظامات اور عمارتوں کو بہتر بنانے، رنگ و روغن کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔