پاکستان کوسٹ گارڈزکی اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیاں،6اسمگلرز،44تارکین وطن گرفتار 

 
0
318

کراچی، اگست 03(ٹی این ایس)پاکستان کوسٹ گارڈز نے گذشتہ 15دنوں کے دوران مختلف جگہوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے6اسمگلر اور 44تارکین وطن کو گرفتا ر کرتے ہوئے منشیات ،غیر قانونی ڈیزل اور چھالیہ برآمد کرلی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ملک دشمن عناصر کی طرف سے اندرون؍بیرون ملک اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈزنے اپنی ذمہ داری کے علاقوں میں گشت اور چیکنگ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہوا ہے۔

ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق ناکہ کھاری چیک پوسٹ (بلوچستان) چیکنگ کے دوران ایک مسافر سے6کلوگرام حشیش برآمد کی جبکہ ایک او ر مسافراسمگلرز سے4.5 کلوگرام افیون برآمدکرتے ہوئے دونوں افراد کو گرفتار کر لیاجن سے مزید تفتیش جاری ہے ۔کراچی میں سپر ہائی وے کے قریب دو ٹرکوں کی تلاشی کے دوران کروڑوں روپے کی چھالیہ برآمد کی گئی اور 04افراد کو گرفتار کیا گیا۔گوادر کے قریب پیشکان روڈ چیک پر چیکنگ کے دوران ایک مسافرسے100 گرام ہیروئن(کرسٹل) برآمد کی گئی ۔ساکران روڈ پر چیکنگ کے دوران ایک ہینو ٹرک سے 15000لیٹر اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کیا۔پاک ایران بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئے44تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا یہ تمام پاکستانی شہری ہیں اور غیر قانونی طور پرایران جانیکی کوشش کر رہے تھے۔

تمام اسمگل کی جانے والی منشیات ، غیر قانونی ڈیزل،چھالیہ اور 06اسمگلرز اور44تارکین وطن کو پاکستان کوسٹ گارڈز نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے ۔ پکڑی جانے والی منشیات ،متفرق اشیاء کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔پاکستان کوسٹ گارڈز اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی کاروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی تا کہ وطنِ عزیز کو اس لعنت سے نجات دلائی جا سکے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے گا۔