نیب و لینڈ مافیا کا گٹھ جوڑ بے نقاب ،احتساب سب کیلئے کے دعوے ہوا میں اڑا دیئے گئے

 
0
3942

اسلام آباد اگست 3(ٹی این ایس)منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی کے نو منتخب سیکرٹری مظہرحسین اور صدر رانا غلام فریدکے گھر نیب کا غیر قانونی چھاپہ ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب مبشر کریم بغیر سرچ وارنٹ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے بھاری اسلحہ لہراتے ہوئے سیکرٹری منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی مظہر حسین کے گھر داخل ہوگئے جس سے اہلخانہ و اہل محلہ بھی خوف و ہراس میں مبتلا ہو گئے یاد رہے منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ اور نیب کے درمیان دیرینہ تنازعہ چلا آرہا ہے جس میں منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی کا مؤقف یہ ہے کہ نیب کے کچھ افسران مذکورہ ہاوسنگ سوسائٹی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں جس حوالے سے چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال کے پاس مذکورہ ہاوسنگ سوسائٹی کے عہدیدران کی درخواستیں بھی موجود ہیں،اور وہ اس معاملے کا ازخود نوٹس بھی لے چکے ہیں ،جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق ڈی جی ایچ آر نیب ملک شکیل اور سابق ڈی جی راولپنڈی ناصر اقبال مرزا جو کہ نیب کے ایک بڑے ملزم و سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے قریبی رشتہ دار بتائے جاتے ہیں سوسائٹی ہذا پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

اس ضمن میں نیب پہلے بھی ایک ریفرنس دائر کر چکا ہے ۔جس میں سوسائٹی ہذا کے تمام نومنتخب نمائندے ضمانتوں پر رہاہو چکے تھے ،جس کے بعد ایک ضمنی ریفرنس دائر کیا گیا جو نیب کی طر ف سے ایک انتقامی ضمنی ریفرنس تھا اس انتقامی ریفرنس کے بعد سوسائٹی ہذا کے نو منتخب ممبران اور چیئرمین ممبر ویلفر کمیٹی چوہدری ارشد نے سوسائٹی ہذا کے ہزاروں ممبران کے حقوق کے تحفظ کے لئے آواز بلند کی،جس پر چیئرمین نیب نے ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں سابق ڈی جی ایچ آر ملک شکیل اور سابق ڈی جی نیب راولپنڈی ناصر اقبال مرزا کو قصور وار قرار دیتے ہوئے عہدے سے بر طرف کر دیا گیا ،ستم ظریفی تو یہ ہے کہ نیب کے ان کرپٹ افسران کو عہدے سے برطرف کرنے کے علاوہ کوئی بھی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی اوران کرپٹ افسران کے خلاف کاروائی کے لئے ابھی تک کوئی کمیٹی بھی تشکیل نہیں دی گئی جو کہ چیئرمین کے بلند و بالا دعوے احتساب سب کے لئے کی نفی بھی ہے ۔اور نیب زرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے انکوائری کسی کے بھی سپرد نہیں کی گئی اور کرپشن کے الزام پر عہدوں سے برطرف افسران کے خلاف انکوائری کی فائل سرد خانے کی زینت بنا رکھی ہے۔

عہدے سے ہٹائے گئے نیب کے سابق ملازمین ملک شکیل اور ناصر اقبال مرزا نے لینڈ مافیہ کے بدنام زمانہ ٹاؤ ٹ اور اسکی ہمشیرہ کے ہمراہ نیب میں اپنا اثرو رسوخ استعمال کرتے ہوئے منسٹری آف کامرس ایمپلائز کو آپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی پر قبضہ کرنے کے لئے ایک نئی انکوائری شروع کروا دی چار سے پانچ ماہ جاری رہنے والی انکوائری کا مقصد سوسائٹی کے نومنتخب ممبران اور سیکرٹری سوسائٹی ہذا مظہر حسین کو سبق سیکھانے کے ساتھ ساتھ منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی پر قبضہ کرنا تھا،دوران انکوائری نیب کے افسران سوسائٹی کے نومنتخب ممبران پر دباو ڈالتے رہے کہ وہ سوسائٹی ہذاسے دستبردار ہو جائیں،اس ضمن میں چیرمین ممبر ویلفیر کمیٹی چوہدری ارشدکی سربراہی میں ایک وفد نے چیرمین نیب سے ملاقات کی اور انہیں تمام حقائق سے آگاہ کیا جس پر چیرمین نیب جاوید اقبال نے وفد کو یقین دہانی کروائی کی کہ وہ نیب میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف کاروائی کریں گے جیسا کہ وہ ماضی میں ملک شکیل اور ناصراقبال مرزا پر الزامات ثابت ہونے پر عہدے سے برطرف کر چکے ہیں
نیب میں موجود کرپٹ عناصر کے منسٹری آف کامرس ایمپلائزکوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی کے نومنتخب عہدیدران سے ناجائز مطالبات پر چیرمین ممبر ویلفر کمیٹی چوہدری ارشد کی سربراہی میں ایک وفد نے چیرمین نیب کے بعد تقریبا تین ہفتے قبل ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی سے ملاقات کی اور انہیں نیب میں موجود کرپٹ عناصر کے غیر قانونی مطالبات سے آگاہ کیا جس پر ڈی جی نیب راولپنڈی نے ایک دفعہ پھر چیرمین نیب کی طرح نیب کو کالی بھیڑوں سے پاک کرنے کااعادہ کیا اور کہا کہ وہ کسی صورت سوسائٹی ہذا کو نیب گردی کا شکار نہیں ہونے دیں گے،لینڈ مافیا کی ایما پر شروع کی گئی نئی انکوائری کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب مبشر کریم اور ڈائریکٹر نیب رضوان کرپشن کے الزامات پرعہدے سے برطرف سابق ڈی جی ایچ آر ملک شکیل اور سابق ڈی جی نیب راولپنڈی ناصر اقبال مرزا سے مسلسل رابطے میں رہے اور ان سے ہدایات بھی لیتے رہے،کرپشن کے الزامات پرعہدے سے برطرف سے ملک شکیل اور ناصر اقبال مرزا کی ہدایات پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر مبشر کریم اور ڈائریکٹر نیب رضوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سوسائٹی ہذا کے تمام نو منتخب ممبران کے خلاف نئی انکوائری شروع کریں گے جس پر بدنام زمانہ لینڈ مافیہ جو نجی محفلوں میں چیئرمین نیب سے ذاتی مراسم کا تذکرہ کرتا نظر آتا ہے سے مل کر ایک گھناؤنا کھیل شروع کیا گیا اور لینڈ مافیہ کے سرغنہ کی ہمشیرہ سے نیب میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ایک درخواست دلوائی گئی جس پر ایک نئی انکوائری شروع کی گئی اور منسٹری آف کامرس ایمپلائز کوآپریٹیوہاوسنگ سوسائٹی کے نومنتخب ممبران اور چیئرمین ممبر ویلفئر کمیٹی کو گرفتار کر لیا گیا،یاد رہے چند ماہ پہلے سوسائٹی کے ہزاروں ممبران نے نیب کے مرکزی دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا تھا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سوسائٹی کو نیب گردی سے بچایا جائے ،جس پر چیئرمین نیب کی اس یقین دہانی کے بعد عمل درآمد روک دیا گیا تھا کہ وہ نیب میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں گے لیکن وہ اپنی اس یقین دہانی پر عمل نہیں کروا سکے۔سوسائٹی ہذا کے نو منتخب ممبران کی گرفتاری بعد آج شام 5 بجے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مبشر کریم کی سربراہی میں نیب کی ٹیم سرعام قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے بغیر کسی سرچ وارنٹ کے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے نومنتخب سیکرٹری مظہر حسین کے گھر میں داخل ہو گئے ،اور ان کے گھر والوں کو زدوکوب کیا مظہر حسین کے بھائی کے مطابق مبشر کریم اور ان کے ساتھ آئے نیب اہلکاروں نے اسلحے کے زور پر دوران تلاشی گھر میں موجود خواتین کوہراساں کیا اور ان کے قیمتی موبائل اپنے قبضے میں لے لئے جو بعد ازاں جاتے ہوئے واپس کردیئے واضح رہے نیب کی اس ٹیم نے اس سے پہلے صدر منسٹری آف کامرس ایمپلائز کواپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی راناغلام فرید کے گھر بھی غیر قانونی ریڈ کیا جس میں صدر سوسائٹی کے گھر سے انکی بیٹی کا لیپ ٹاپ دو گاڑیوں کی رجسٹریشن بکس،یو ایس بی اور سی پی یو جس میں ان کی بیٹی اور انکی دوستوں کی ذاتی تصاویر اور یونیورسٹی کی قیمتی ڈیٹا تھا ساتھ لے گئے، اسی دوران سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر وکیل چوہدری احتشام الحق بھی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئے اور میڈیا کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا میڈیا کے نمائندوں کے موقع پر پہنچنے پر مبشر کریم اور ان کے ساتھ آئے نیب کے اہلکاروں نے میڈیا کے نمائندوں سے کیمرے چھین لیے ،اور انہیں زد وکوب کیا اور ہاتھا پائی شروع کر دی،میڈیا نمائندوں کو زدوکوب کرنے پر صدر آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ ایڈیٹرز فورم(APNEF) چوہدری شہزاد اختر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیرمین نیب کو اس سلسلے میں تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا،صدر (APNEF) کا مزید کہنا تھا کہ چیرمین نیب کے دعووں کی قلعی کھل گئی ہے او ر ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو زدو کوب کرنے پرملک بھر میں آل پاکستان نیوز پیپرز اینڈ ایڈیٹرز فورم(APNEF) کے تحت احتجاجی مظاہروں کی کال دی جائے گی آج واضح ہو گیا کہ نیب میں موجود افسران صادق و امین نہیں ہیں،چوہدری احتشام الحق ایڈوکیٹ کے سرچ وارنٹ سے متعلق استفسار کرنے پر مبشر کریم بمعہ اپنے ساتھ آئے اہلکاروں کے موقع سے فرار ہو گئے۔ ٹی این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے معروف انسانی حقوق کی علمبردارتنظیم پیاس انٹرنیشنل ہیومن رائٹس کے ترجمان نے کہا کہ چیرمین نیب انصاف کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہے ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے۔جب ٹی این ایس نے نیب کے ترجمان سے اس حوالے سے مؤقف جاننے کے لئے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا اس حوالے سے میں نیب راولپنڈی سے مؤقف لے کر آپ کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا ۔