ہماری حمایت کے بغیر عمران خان وزیر اعظم نہیں بن سکتے، پی ٹی آئی قیادت فردوس شمیم کیخلاف کارروائی کرے ٗایم کیو ایم 

 
0
408

میرے خلاف بولنے والے اپنا سیاسی قد بڑھانے کے لیے مجھے نشانہ بناتے ہیں، فردوس شمیم اپنی قیادت سے بات کریں ٗوسیم اختر 
عمران خان نے ایم کیو ایم کے خلاف بیان دینے پر فردوس شمیم نقوی سے وضاحت طلب کرلی
ایسے متنازع بیان پر فردوس شمیم کی سرزنش ہوگی عمران خان جلد طلب کرکے ان سے بات کریں گے ٗنعیم الحق 
کراچی/اسلام آباد6اگست(ٹی این ایس)ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کے بیان پر سخت رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حمایت کے بغیر عمران خان وزیر اعظم نہیں بن سکتے، پی ٹی آئی قیادت فردوس شمیم کے خلاف کارروائی کرے۔ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری نے فردوس شمیم نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو ہمیشہ مایوس کیا اس لیے ہم نے تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کیا، ہماری حمایت کے بغیر عمران خان وزیر اعظم نہیں بن سکتے، اگر یہی معاملات رہے تو ساتھ چلنے میں مشکلات پیدا ہوتی رہیں گی۔

دوسری جانب مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ میرے خلاف بولنے والے اپنا سیاسی قد بڑھانے کے لیے مجھے نشانہ بناتے ہیں، فردوس شمیم اپنی قیادت سے بات کریں اور پوچھیں کہ ایم کیو ایم کتنی اہمیت رکھتی ہے، یہ بیانات صرف سستی شہرت کے لیے دئیے جا رہے ہیں۔خواجہ اظہار الحسن نے عمران خان اور جہانگیر ترین سے مطالبہ کیا کہ وہ فردوس شمیم نقوی کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کریں۔واضح رہے کہ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد مجبوری میں کیا گیا کیوں کہ پی ٹی آئی کو نمبر گیم پورا کرنے کیلئے 172 نشستیں درکار تھیں وہ متحدہ پر لگائے گئے اپنے الزامات پر تاحال قائم ہیں۔ادھر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایم کیو ایم کے خلاف بیان دینے پر فردوس شمیم نقوی سے وضاحت طلب کرلی۔

میڈیا رپور ٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کی جانب سے ایم کیو ایم سے متعلق دیے گئے بیان پر پارٹی چیئرمین عمران خان نے اظہار برہمی کرتے ہوئے اسے ایک غیر ذمہ دارانہ بیان قرار دیا ہے۔ عمران خان نے اس ضمن میں فردوس نقوی سے وضاحت طلب کرلی ہے۔تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے بتایا کہ ایسے متنازع بیان پر فردوس شمیم کی سرزنش ہوگی عمران خان جلد انہیں طلب کرکے ان سے بات کریں گے۔نعیم الحق نے کہا کہ یہ پارٹی پالیسی نہیں ہے یہ فردوس شمیم نقوی کی ذاتی رائے ہے ہم نے قومی مفاد میں ایم کیو ایم کو اپنے ساتھ ملایا ہے۔