جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں موسلادھار بارشیں

 
0
450

اسلام آباد اگست 07(ٹی این ایس)اسلام آباد، راولپنڈی، ملکہ کوہسار مری،شکر گڑھ، نورکوٹ اور ایبٹ آباد میں موسلادھار بارشیں جاری ہیں، راولپنڈی میں 202ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی کی سطح 11فٹ سے اوپر چلی گئی، جگہ جگہ پانی کھڑا ہو گیا، واسا نے شہر میں رین ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کردیا۔

محکمہ موسمیات نے آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالا، سرگودھا، فیصل آباد، بہاولپور، خیبر پختون خوا، ژوب، میرپور خاص، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے اسلام آباد، راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، شام اور رات میں بارش کا سلسلہ زور پکڑ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں اب تک 202ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے،جس کے باعث راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔واسانے راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، واسا کی ٹیمیں شہر کے نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔

 

ترجمان واسا کے مطابق کمیٹی چوک انڈرپاس سے پانی نکالنے کا کام جاری ہے۔ایم ڈی واسا راولپنڈی راجہ شوکت محمود نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور پانی نکالنے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ترجمان واسا کا کہنا ہے نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ 10 فٹ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں 162ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی، مری میں 28، جہلم میں 48، بالا کوٹ میں 76، کوٹلی میں 64، مظفرآباد 42، گڑھی دوپٹہ میں 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ادھر مری اور گرد و نواح میں رات سے وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔شکرگڑھ کے علاقے نورکوٹ میں رات گئے سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، اس علاقے میں بارش کے بعد کسانوں کے چہرے بھی کھل اٹھے ہیں۔