پانی کی سطح میں اضافہ، راول ڈیم کے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ

 
0
1441

اسلام آباد اگست 07(ٹی این ایس) اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ شب شروع ہونے اور وقفے وقفے سے جاری رہنے والی بارش کے باعث راول ڈیم میں پانی کے ذخیرے میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے راول ڈیم انتظامیہ نے اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔راول ڈیم انتظامیہ کے مطابق ڈیم میں پانی کا موجودہ لیول 1749فٹ تک پہنچ گیا ہے جبکہ اس میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1752 فٹ ہے۔

راول ڈیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیم میں قریبی پہاڑی علاقوں سے پانی کی آمد جاری ہے، اس لیے راول ڈیم کے اسپل ویز آج کچھ دیر میں کھولے جائیں گے۔ڈیم انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ ڈیم کے اسپل ویز ایک فٹ تک کھولے جائیں گے، جنہیں کھولنے سے قبل شہریوں کو الرٹ کرنے کے لیے سائرن بجائے جائیں گے۔

راول ڈیم انتظامیہ نے نشیبی علاقوں اور ڈیم کے قریب آبادی کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ شب شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے صبح تک جاری رہی، محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں 206 ملی میٹر، اسلام آباد میں168ملی میٹر ، جبکہ کوٹلی میں 102ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔مسلسل بارش کے باعث نالہ لئی کی سطح 15فٹ سے اوپر چلی گئی، مختلف علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔واسا نے راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، اسلام آباد میں 70سے زیادہ بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے اور متعدد علاقوں کی بجلی غائب ہوگئی، آئیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔