عمران خان نے آج پشاور میں پارٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا

 
0
303

پشاور07 اگست(ٹی این ایس)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج پشاور میں پارٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ عمران خان کے کل ممکنہ دورہ پشاور کیلئے سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آج پشاور میں تحریک انصاف کا اہم اجلاس طلب کرلیا ہے۔ اس موقع پر مرکزی قیادت کے علاوہ مقامی قیادت بھی موجود ہوگی۔ اجلاس میں خیبرپختونخواہ میں حکومت کے حوالے سے اہم فیصلے اور بڑے اعلانات متوقع ہیں۔
دوسری جانب عمران خان کے ممکنہ دورہ پشاور کیلئے سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ حیات آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درجنوں اہلکاروں کی تعیناتی کردی گئی ہے تاہم حساس اداروں نے عمران خان کے دورہ پشاور کی تاحال کلیرنس نہیں دی ہے۔
اس سے قبل گذشتہ روز اسلام آباد میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 22 سالہ جدوجہد کا پہلا مرحلہ آج مکمل ہوا، اس کیلئے میں نے 22 برس تیاری کی۔ مجھ پر آج سب سے بڑی ذمہ داری آگئی ہے۔
انہوں نے کا کہ تحریک انصاف کا اقتدار چیلنجز سے بھرپور ہے۔ عوام ہم سے روایتی طرز سیاست و حکومت کی امید نہیں رکھتے۔ اگر روایتی طرزحکومت اپنایا توعوام ہمیں بھی غضب کا نشانہ بنائیں گے۔عمران خان نے کہا کہ عوام آپ کا طرز سیاست اور کردار دیکھیں گے اور اس کے مطابق ردعمل دیں گے۔ میں خود مثال بنوں گا اور آپ سب کو بھی مثال بننے کی تلقین کروں گا۔ آج ہمیں اخلاقی طور پر کمزور ترین حزب اختلاف کا سامنا ہے۔