لاہور07 اگست(ٹی این ایس) ملک کے مختلف حصوں میں بارش کے باعث ہونے والے ٹرپنگ کے نتیجے میں بجلی کا شارٹ فال ساڑھے چھ ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے، جس کے باعث دس سے بارہ گھنٹے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق اس وقت بجلی کا شارٹ فال چھ ہزار پانچ سو دس میگاواٹ ہے، ملک بھر میں بجلی کی طلب 24 ہزار 760 میگاواٹ جبکہ فراہمی 18 ہزار 250 میگاواٹ ہے، ساڑھے چھ ہزار میگاواٹ کمی کے باعث ملک بھر کے مختلف علاقوں میں تین سے بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ لاہور میں کی جارہی ہے ، جہاں بجلی کی طلب پانچ ہزار میگاواٹ جبکہ رسد ساڑھے چار ہزار ہے،شہر میں سسٹم اوور لوڈ ہونے سے تین سے چھ گھنٹے تک غیر اعلانیہ بندش کی جا رہی ہے۔اسلام آباد میں 220 کے وی گرڈ سٹیشن بہارہ کہو میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے بنی گالہ، شادرہ، بری امام، سری چکوک، انگوری اور ملحقہ علاقوں کو سپلائی متاثر ہو گئی ہے۔ادھر گوجرانوالہ میں شارٹ فال 200 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔ بجلی کی طویل بندش کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے ہے۔ اندرون سندھ کے شہری علاقے بھی لوڈشیڈنگ کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ سکھر میں 10 سے 12 گھنٹے اعلانیہ و غیر اعلانیہ بجلی کی بندش جبکہ سندھ کے دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹوں سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔













