سپریم کورٹ نے نندی پور پاور پلانٹ کیس ری اوپن کردیا

 
0
410

اسلام آباد 8 اگست (ٹی این ایس) سپریم کورٹ آف پاکستان نے نندی پور پاور پلانٹ کیس ری اوپن کردیا، کیس کی سماعت کل ہوگی۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار نے سابق وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے کہا کہ آپ وفاقی وزیر تھے آپ نے مسئلہ حل کیوں نہیں کرایا؟خواجہ آصف نے جواب دیا کہ مجھے معاملے سے الگ کر دیا گیا تھا کیونکہ مفادات کا ٹکراؤ تھا۔ یہ منصوبہ گزشتہ پانچ سال سے جاری ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو معاملے سے الگ کیا گیا تو آپ تحقیقات کروا سکتے تھے۔خواجہ آصف نے کہا کہ اس معاملے میں رحمت حسین جعفری کمیشن بھی بنا تھا۔چیف جسٹس نے کہا کہ کمیشن نے ذمہ داری کا تعین بھی کر دیا تھا، آپ نے یہ ٹھیکہ چینی کمپنی کو دے دیا تھا۔خواجہ آصف نے بتایا کہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا جس کی وجہ سے لاگت بڑھی، اس میں حکم تھا کہ نندی پور اور چیچو کی ملیاں پر کام مکمل کریں۔سپریم کورٹ نے وفاق، پیپکو اور واپڈا سمیت فریقین کو نوٹس جاری کردیا۔ کیس کی سماعت کل ہوگی۔