یہ انکشاف پولیس کی کرائم برانچ کی طرف سے مرتب کئے گئے اعدادو شمار میں کیاگیا ہے
سرینگر8اگست (ٹی این ایس)مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فورسز کے پر تشد درویہ اور روزانہ کی بنیاد پر تلاشی اورمحاصرے کی کارروائی کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں ہر زور اوسط پانچ کشمیری لاپتہ ہوجاتے ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یہ انکشاف پولیس کی کرائم برانچ کی طرف سے مرتب کئے گئے اعدادو شمار میں کیاگیا ہے،جن کے مطابق رواں سال جنوری سے مئی تک مجموعی طوپر 889افراد لاپتہ ہو ئے جن میں سے 780کشمیری 18سال سے زائد عمر کے تھے جبکہ 109کا تعلق 18سال سے کم عمر تھے ۔ مجموعی طورپر 380مرد،333بالغ اور 47لڑکے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران لاپتہ ہوئے ۔
ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق 14مئی کو مقبوضہ کشمیر میں دو لڑکیاں بھی لاپتہ ہو گئی تھیں۔ اعدادوشمار کے مطابق زیادہ تر کشمیری جموں ، کٹھوعہ اور سرینگر کے اضلاع میں لاپتہ ہو ئے ہیں۔ جنوری میں 110بالغ جبکہ 13کم عمر کشمیری لاپتہ ہوئے۔ ماہرین نفسیات کاکہنا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی اور نقل و حرکت پر قدغن اور بھارتی فورسز اور ہندو انتہاپسندوں کی موجودگی کی وجہ سے مسلسل خوف کا ماحول کشمیری عوام میں غیر معمولی رویہ کی بنیادی وجہ ہے اور اس طرح کی ذہنی حالت اہلخانہ کو بتائے بغیر گھر چھوڑ جانے پر منتج ہوتی ہے ۔