عمران خان 18 اگست کو وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائینگے، فیصل جاوید

 
0
498

اسلام آباد 10 اگست(ٹی این ایس) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 18 اگست کو وزراتِ عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے جس کی تصدیق پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے بھی کردی ہے۔تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بتایا کہ عمران خان 18اگست کو وزیراعظم کے عہدے کے لیے حلف اٹھائیں گے، اور یہ فیصلہ عمران خان نے خود کیا ہے۔جبکہ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یقین ہے پہلےمرحلےمیں ہی وزیراعظم کا فیصلہ ہوجائے گا، سادہ اکثریت کے لیے ایک سو باہتر ارکان کی حمایت چاہیے، پی ٹی آئی کے پاس تو ایک سو اکیاسی ووٹ ہیں۔

دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین نے نو منتخب وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریب کے باعث غیر ملکی دورہ ملتوی کر دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین 16سے 19 تاریخ تک ایڈنبرا جا رہے تھے جبکہ گزشتہ روز وزیر قانون علی ظفر نے صدر مملکت سے ملاقات کی تھی اور انہیں دورہ ملتوی کرنے پر قائل کیا۔صدر مملکت ممنون حسین اب نو منتخب وزیر اعظم کی حلف برداری کے بعد غیر ملکی دورہ کرینگے۔واضح رہے کہ صدر ممنون حسین نے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کیا ہوا ہے ۔ نگران وزیر اعظم کی جانب سے نو منتخب قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر نے کی سمری دو روزقبل بھجوائی گئی تھی۔ نومنتخب اراکین قومی اسمبلی 13 اگست کے اجلاس میں اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔صدر ممنون حسین نے گورنر پنجاب اور کے پی نئے حکومت کے قیام تک ذمہ داریاں نبھانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ گورنر پنجاب رفیق رجوانہ اور گورنر کے پی اقبال ظفر جھگڑا نے اپنے استعفے کا معاملہ نئی حکومت کے قیام تک موخر کر دیا۔