خیبر پختونخوا اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھالیا

 
0
365

پشاور اگست 13(ٹی این ایس) 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات کے بعد صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا کے پہلے اجلاس میں نو منتخب اراکین صوبائی اسمبلی نے حلف اٹھالیا۔پریزائیڈنگ افسر اورنگزیب نلوٹھہ نے 124 میں سے 111 نو منتخب اراکین صوبائی اسمبلی سے حلف لیا۔خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 15 اگست کو ہوگا، دونوں عہدوں پر انتخابات خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیے جائیں گے۔جس کے بعد نو منتخب اسپیکر وزیراعلیٰ کے الیکشن کے شیڈول کا اعلان کریں گے اور اس کے اگلے ہی روز وزیراعلیٰ کو منتخب کیا جائے گا، اس کے لیے ارکان کی لابی کو تقسیم کرتے ہوئے ان کی گنتی کی جائے گی۔بعد ازاں وزیراعلیٰ گورنر ہاؤس پشاور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے محمود خان کو وزیراعلیٰ خیبرپنخوا نامزد کیا ہے۔دوسری جانب متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اراکین نے پہلے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس سے علامتی واک آؤٹ کیا۔ایم ایم اے اور پی پی پی کے اراکین نے بازوں پر سیاہ پٹیاں بھی باندھی ہوئی تھیں۔دونوں سیاسی جماعتوں کے نومںتخب اراکین نے پی ٹی آئی کے اراکین کے ہمراہ حلف برداری سے گریز کیا۔حلف برداری کے بعد احتجاجی اراکین اسمبلی میں داخل ہوئے اور انہوں نے حلف اٹھایا۔واضح رہے کہ اپوزیشن اراکین نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاجاً سیاہ پٹیاں باندھی ہوئی تھیں۔