71 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاک بحریہ کی طرف سے مختلف تقاریب کا اہتمام

 
0
1348

بحریہ کالج کارساز، گورنمنٹ گرلز اسکول یونس آباد میں رنگا رنگ تقریبات کے علاوہ  بوٹ ریلی اور بینڈ شو کا بھی اہتمام کیا گیا

اسلام آباد،اگست 14(ٹی این ایس): پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پرتبدیلی گارڈ کی ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس کے ایک چاق و چوبند دستے نے روایتی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ مزار قائد پر اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے۔

پبلک ریلیشنزڈائریکٹوریٹ نیول ہیڈ کوارٹرز  کی طرف سے جاری  پریس ریلیز کے مطابق  کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور وقار محمد اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے اعزازی گارڈ کا معائنہ کیا ۔ مہمان خصوصی اور نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو قومی سلام پیش کیا ۔بعد ازاں ،کمانڈنٹ نیول اکیڈمی نے پاک بحریہ کے سربراہ ، افسران اور جوانوں کی جانب سے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی ۔ مہمان خصوصی نے مزار پر فاتحہ پڑھی اور مہمانوں کی کتا ب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے با بائے قوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

قبل ازیں پاک بحریہ کی جانب سے دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا ۔ پاک بحریہ کی تمام یونٹس اور اٹیبلشمینٹس میں قائم مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لئے بالخصوص اپنے کشمیری بھائیوں کی جدو جہد آزادی میں کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔پاک بحریہ کے جہازوں اور اٹیبلشمینٹس پر بحریہ کے روایتی انداز میں چراغاں کیا گیا اور انہیں سبز ہلالی پرچموں سے سجایا گیا۔اس کے علاوہ اسلام آباد، کراچی، لاہور اور ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی یونٹس میںپرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی گئیں۔

یوم آزادی کی مناسبت سے پا ک بحریہ کے تمام یونٹس اور اسٹیبلشمینٹس میںصبح کے وقت قومی ترانہ پڑھنے کے علاوہ دیگر کئی تقریبات بھی منعقد کی گئیں جن میں پاکستان میری ٹائم میوزیم میںپرچم کشائی کی تقریب اور پاک نیوی بینڈ کا مظاہرہ، کراچی کے ساحل پر بوٹ ریلی کا انعقاد اور مختلف یونٹس میں کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا انعقاد شامل تھا۔ پاک بحریہ کے تعلیمی اداروں میں بھی یوم آزادی کی مناسبت سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں طلباءو طالبات نے ملی نغموں پر ٹیبلوزپیش کئے اور تقریری مقابلوں میں حصہ لیاجن میں یوم آزادی کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔

اورماڑہ ، گوادر، پسنی، تربت ، جیوانی اور کوسٹل ایریاز میں قائم پاک بحریہ کے یونٹس میں بھی یوم آزادی کی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں ماہی گیروں کی بوٹ ریلیاںبھی شامل تھیں۔اورماڑہ میں یوم آزادی واک اور ریس کااہتمام بھی کیا گیا جس میںمقامی افراد نے جوش و جذبے سے شرکت کی۔

یوم ِ ٓزادی کے موقع پر صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے پاک بحریہ کے افسران ، سی پی اوز ،سیلرز اور سویلین کو سول و ملٹری ایوارڈز بھی تفویض کردیے ہیں۔ ان ایوارڈز میں 3 ہلالِ امتیاز (ملٹری)، 14 ستارہ ئِ امتیاز (ملٹری) ، 12 تمغہ امتیاز (ملٹری) اور 8 تمغہ بصالت شامل ہیں۔ مزید برآں ماسٹر چیف پیٹی آفیسرز، چیف پیٹی آفیسرز اور سیلرز کو 10 امتیازی اسناد اور 61تمغہ خدمت (ملٹری) سے بھی نوازا گیا ہے۔چیف آف دی نیول اسٹاف کی طرف سے افسران ، ماسٹر چیف پیٹی آفیسرز، چیف پیٹی آفیسرز ، سیلرز اور نیوی سویلین کو 58 تعریفی مراسلے بھی دیے گئے ہیں۔