شام کی خانہ جنگی میں بچھڑے بھائی حج کے موقع پر مل گئے

 
0
413

ایک دوسرے پر نظر پڑتے ہی دونوں بغلگیر ہوکر جذبات سے رونے لگے
مکہ مکرمہ اگست 19(ٹی این ایس) فریضہ حج کے موقع پر خانہ جنگی کے شکار ملک شام کے 2 ایسے بچھڑے بھائی ملے، جو 7 سال قبل جدا ہوگئے تھے۔جیسے ہی دونوں بھائیوں کی ایک دوسرے پر نظر پڑتی وہ دونوں بغلگیر ہوکر جذبات سے رونے لگے۔اس موقع کی ویڈیو کو متعدد عرب صارفین نے اپنے ٹوئٹر اور سوشل اکاؤنٹس پر شیئر کیا اور سب ہی جذباتی لمحات کو دیکھ کر جہاں خوش ہوئے وہیں انہوں نے بچھڑے ہوئے بھائیوں کے ملنے کا کریڈٹ فریضہ حج کی ادائیگی کو دیا۔

 

رپورٹ کے مطابق خانہ جنگی کی وجہ سے ایک دوسرے سے الگ ہونے والے دونوں بھائیوں کا تعلق شام سے ہے جو 2011 میں جدا ہوگئے تھے۔رپورٹ کے مطابق شام میں جنگ لگنے کی وجہ سے ایک بھائی اپنا وطن چھوڑ کر پڑوسی ملک اردن چلا گیا تھا، جس کا رابطہ اپنے اہل خانہ اور بھائی سے منقطع ہوگیا تھا۔تاہم فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دونوں بھائی سعودی عرب کے شہر مکہ پہنچے تو دونوں ایک دوسرے کو زندہ دیکھ کر جذباتی ہوکر بغلگیر ہوگئے اور کافی دیر تک ایک دوسرے کو سینے سے لگاکر روتے رہے۔دونوں کو روتا ہوا دیکھ کر قریبی لوگ بھی جذباتی ہوگئے جب کہ ان کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔