ایس ایچ او شاہ لطیف گل بیگ کا کارنامہ، قاتل ڈکیت گروپ کے 3 ملزمان دھر لیے

 
0
327

 ملزمان نے 4 روز قبل  دوران ڈکیتی مزاحمت پر ندیم نامی شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیاتھا

کراچی، اگست 20(ٹی این ایس):کراچی کے علاقےشاہ لطیف ٹائون نے قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے ایک عدد ٹی ٹی پستول،  ایک عدد میگزین سمیت چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق 4 روز قبل علاقے میں ایک ڈکیت گروپ نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر ندیم ولد رحیم بخش کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا تھا۔  واقعہ کے بعد ایس ایچ او نے اپنے مخبروں کو الرٹ کردیا تھا۔  کل ایک مخبر خاص نے اطلاع دی کہ مذکورہ ڈکیت گروپ علاقے کے سر ہندی گوٹھ میں موجود ہے۔  اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او گل بیگ نے ایک لمحہ ضائع کیے بغیر ایس آئی کیتو مل سمیت کانسٹیبلز ساجد علی، سبحان، عابد اور ذیشان پر مشتمل پولیس پارٹی کے ہمراہ مذکورہ جگہ پر پہنچ کر تین ملزمان مشتاق احمد ولدحاجی اللہ بخش،  محمد خان عرف ہستی ولد دوست محمد اور حضرت شیر ولد محمد شیر کو گرفتار کرکے انکے قبضے سےایک عدد ٹی ٹی پستول،  ایک عدد میگزین اور مسروقہ موٹرسائیکل نمبر 3095-KDH برآمد کرلی۔  دوران تفتیش ملزمان نے ندیم کو ہلاک کرنے کا اعتراف کرلیا۔

ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر 18/ 308 زیر دفعہ  A -(1)23 کے تحت مقدمہ درج کر لیا جبکہ ملزمان سے مذید تفتیش جاری ہے۔ علاوہ ازیں ایس ایچ او شاہ لطیف ٹائون کے مطابق ملزمان کئی عرصے سے کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ایس ایچ او گل بیگ کے مطابق وہ اپنے علاقے میں کسی قسم کے جرائم کو پھلنے پھولنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے اپنے علاقے میں غیر قانونی کام کرنے والے ملزمان کو دو ٹوک وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ یا تو وہ شاہ لطیف کا علاقہ چھوڑ دیں یا پھر غیر قانونی کام سے توبہ کرلیں میرے ہاتھ آئے کسی بھی ملزم کو کسی قسم کی رعایت نہیں مل سکتی۔