عالمی برادری کو  دہشتگردی کے متاثرہ افراد کی مددکیلئے مشترکہ اقدام کرنا چاہئے: دہشتگردی کے متاثرین کوخراج تحسین پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر وزیر اعظم کا پیغام

 
0
365

اسلام آباد، اگست 21 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت اور پاکستان کے عوام دہشتگردوں کے ہاتھوں متاثر ہونے والے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انٹرنیشنل کمیونٹی کو دہشتگردی کے متاثرہ افراد کی مددکیلئے مشترکہ اقدام کرنا چاہئے ۔

دہشتگردی کے متاثرین کوخراج تحسین پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر عمران خان کا کہناتھا کہ بلاشبہ آج کا دن قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مسلح فورسز کاشکریہ ادا کرنے کا دن ہے جنہوں نے پاکستان اور اس کے لوگوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

وزیراعظم کا کہناتھاکہ پاکستان دہشتگردی کا بدترین شکار رہا ہے جس نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہزاروں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان اٹھایاجس میں سویلین اور سکیورٹی اہلکاردونوں شامل ہیں،اس موقع پر انہوں نے پشاور آرمی پبلک سکول کے شہدا کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس بڑے سانحہ کو نہیں بھول سکتے جس میں 130 سے زائد بچوں کو شہید کیا گیا پوری قوم ان کیلئے دعاگو ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ اتنے بڑے نقصان کے باوجود ہمارا دہشتگردی کیخلاف عزم متزلزل نہیں بلکہ ہر سانحہ پر پاکستانی قوم نے عظیم جذبے اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا جس نے ہمیں نفرت پھیلانے اورتشدد کو فروغ دینے والی دشمن قوتوں کے سامنے متحد کردیا۔

ان کا کہناتھا کہ اس عالمی دن کے موقع پر انٹرنیشنل کمیونٹی کو دہشتگردی کے متاثرہ افراد کی مددکیلئے مشترکہ اقدام کرنا چاہئے جبکہ حکومت پاکستان نے اپنے طور پر متاثرین کی مدد کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں جس میں بے گھرافراد کی آباد کاری، انفراسٹرکچر کی تعمیراور متاثرہ خاندانوں کیلئے مالی مدد کا اعلان کیا ہے ۔ہم دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے عالمی برادری کیساتھ کھڑے ہیں اور متاثرہ افرادکی مدد کیلئے مشترکہ اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہیں۔