عمران خان کی بلامشروط حمایت کی ہے،امید ہے مایوس نہیں کریں گے، نوابزادہ شاہ زین بگٹی

 
0
361

ڈیرہ بگٹی اگست 25(ٹی این ایس )ڈیرہ بگٹی میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نوابزادہ شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ نواب اکبر بگٹی سے لے کر آج تک پارٹی کے کسی عہدیدار سے لے کر ایک کارکن پر بھی کم از کم کرپشن کا الزام نہیں لگا اور یہ ہمارے لئے باعث فخر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے پارٹی نے بلامشروط عمران خان کے وژن کو دیکھ کر ان کی حمایت کی ہے اور امید یہی ہے کہ خان صاحب ملک بھر کی طرح بلوچستان کے عوام کو بھی مایوس نہیں کرینگے۔

نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ان کے عوام نے بدعنوانی کرپشن اقربا پروری اور میرٹ کی پامالی سے تنگ آکر انہیں اور ان کے بھائی نوابزادہ گہرام خان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا ہم انشااللہ اپنے ووٹر کو کبھی مایوس نہیں کرینگے،ڈیرہ بگٹی سمیت اپنے پورے حلقے کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں اپنا ایماندارانہ کردار ادا کرینگے،جمہوری وطن پارٹی کامنشور صرف اور صرف عوام کی خدمت اور ان کی فلاح وبہبود ہے۔

جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ راجن پور ٹو کوئٹہ روڈ براستہ ڈیرہ بگٹی اور لہڑی ان کی پہلی ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ اس شاہراہ سے نہ صرف بلوچستان بذریعہ روڈ قومی دھارے میں شامل ہوگا بلکہ دیگر شاہراہوں کے نسبتا” کم فاصلہ ہونے کے باعث ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھل جائیں گی۔