مقبوضہ کشمیر، مشترکہ قیادت نے 30،31اگست کو ہڑتال کی کال دیدی

 
0
304

بھارتی سپریم کورٹ دفعہ 35۔ اے کی منسوخی کے حوالے سے عرضداشت کی سماعت31اگست کو کریگی
کشمیریوں کے مفادات اور ان کے بنیادی حقوق کیخلاف ہونے والے منصوبوں اور سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا،سید علی شاہ گیلانی و دیگر کا مشترکہ بیان 
سرینگر اگست 25 (ٹی این ایس) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دفعہ 35۔اے کو منسوخ کرنے کے بھارتی منصوبے کیخلاف 30اور 31اگست کو مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ مشترکہ قیادت نے اس سے قبل 26اور 27اگست کو ہڑتال کی کال دی تھی تاہم یہ کال بھارتی سپریم کورٹ میں مذکورہ دفعہ کی منسوخی کے حوالے سے دائر عرضداشت کی تاریخ سماعت تبدیل ہونے کے باعث واپس لے لی گئی۔

سپریم کورٹ اب عرضداشت کی سماعت 27کی بجائے 31اگست کو کریگی ۔بھارتی آئین کی دفعہ 35۔ اے کے تحت کشمیریوں کو خصوصی مراعات اور حقوق حاصل ہیں اور اس دفعہ کے تحت غیر کشمیریوں کوکشمیر میں زمین اور دیگرجائیداد خریدنے کا حق حاصل نہیں۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت جناب سید علی شاہ گیلانی ، جناب میرواعظ ڈاکٹرمولوی محمد عمر فاروق اور جناب محمد یاسین ملک نے سرینگر میں جاری اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کشمیریوں کے مفادات اور ان کے بنیادی حقوق کیخلاف ہونے والے منصوبوں اور سازشوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ اب بھارتی سپریم کورٹ دفعہ 35۔اے کی منسوخی کے حوالے سے دائر عرضداشت کی سماعت 27اگست کے بجائے 31 اگست کو کریگی لہذا اب ہڑتال بھی 26 اور 27 اگست کو نہیں بلکہ 30 اور31 اگست کو کی جائے گی۔ انہوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں وایلو کوکرناگ میں شہید ہونے والے نوجوان کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے نہتے مظاہرین پر فائرنگ اور کولگام ، شوپیاں، ترال اور دیگر علاقوں میں ہونے والی جبر استبداد کے دیگر کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں کو اپنے جبر و قہر کا نشانہ بنا رہی ہے جو ہر لحاظ سے قابل تشویش ہے۔دریں اثنا بھارتی سپریم کورٹ نے آئین کی دفعہ 370کی منسوخی کے حوالے سے دائر ایک اورعرضداشت کی سماعت بھی ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔ عرضداشت پر سماعت گزشتہ روز ہونا تھی ۔دفعہ 370کے تحت جموں وکشمیر کو خصوصی درجہ حاصل ہے۔