یورپی یونین مہاجرین کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ ترک کرے، اقوام متحدہ

 
0
331

مہاجرین اور سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کی زندگیوں کو خطرات کا شکار کر ناغیراخلاقی عمل ہے،بیان
نیویارک اگست 26(ٹی این ایس )اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین (یواین ایچ سی آر)نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بحیرہ روم سے ریسکیو کیے گئے تارکین وطن کی بابت خطرناک اور غیر اخلاقی رویے سے اجتناب برتے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اطالوی کوسٹ گارڈز کے ایک بحری جہاز نے چند روز قبل بحیرہ روم میں ڈیڑھ سو سے زائد تارکین وطن کو ریسکیو کیا تھا تاہم اطالوی حکومت نے ان مہاجرین کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور یہ امدادی جہاز اطالوی ساحل پر لنگر انداز تو ہے، تاہم مہاجرین اب بھی اس سے اتارے نہیں گئے ہیں۔اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی کہہ چکے ہیں کہ بحیرہ روم میں ریسکیو کیے جانے والے تارکین وطن کو اطالوی سرزمین پر نہیں آنے دیا جائے گا۔

اطالوی حکومت کی جانب سے یورپی یونین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان تارکین وطن کو پناہ دے۔اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فیلیپو گراندی کی جانب سے کہا گیا ہے، وقت آ گیا ہے کہ ہم مہاجرین کی مدد سے متعلق مختلف ممالک کے درمیان سب سے کم اقدامات کرنے والوں میں سبقت لینے کا رویہ تبدیل کیا جائے۔ یہ طریقہ اب بدلا جانا چاہیے کہ سمندروں میں بچائے گئے مہاجرین کی ذمہ داری کس طرح کسی دوسرے پر ڈالی جا سکے۔گراندی کی جانب سے جاری کردہ اس بیان میں کہا گیا ، یہ خطرناک اور غیراخلاقی عمل ہے کہ مہاجرین اور سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کی زندگیوں کو خطرات کا شکار کر دیا جائے، جب کہ مختلف ریاستیں اپنے اپنے سیاسی مفادات اور طویل المدتی حل ڈھونڈنے کی تگ و دو میں مصروف رہیں۔