نئی دہلی ،نو مبر11(ٹی این ایس):بھارت میں ٹرین کا انجن ڈرائیور کے بغیر ہی چل پڑا ،13کلو میٹر بعد موٹر سائیکل سوراوں نے انجن کا پیچھا کر کے اسکو روکا۔تفصیلات کے مطابق مذکورہ ٹرین کا انجن چنئی ممبئی ٹرین کے ساتھ لگا ہو اتھا ۔یہ ٹرین جب وادی جنکشن نا می ریلوے سٹیشن پر پہنچی تو اس انجن کو اتار لیا گیا کیونکہ اس کے بعد کا ریلوے ٹریک الیکٹرک نہیں تھا ۔اس الیکٹرک انجن کی جگہ ٹرین کے ساتھ ڈیزل انجن لگا دیا گیا جس کے بعد ٹرین نے اپنا سفر جاری رکھا ۔
اسی دوران نا معلوم وجوہات کی بنیاد پر مذکورہ الیکٹرک انجن از خود چل پڑا اور بغیر ڈرائیور کے ہی ریلوے ٹریک پر بھاگنے لگا ۔ریلوے سٹیشن کے حکام نے صورتحال کے پیش نظر اس انجن کے راہ میں آنے والے تمام سٹیشنز کوآگا ہ کیا کہ وہ ٹریک خالی رکھیں اور سگنلز کلئیر کروا لیں تا کہ کسی بھی قسم کے ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے ۔ریلوے حکام نے موٹر سائیکل سوراوں کو ٹاسک دیا کہ وہ انجن کا پیچھا کریں اور جیسے ہی انجن سست روی کا شکار ہو تو انجن پر چڑھ کر اسے بند کر دیں ۔موٹرسائیکل سوراو ں نے 13کلومیٹر بعد انجن کو جا لیا اور بند کردیا ۔ریلوے حکام کے مطابق انجن کے از خود چل پڑنے کی ابھی تک کوئی وجہ سامنے نہیں آئی ۔













