احتساب عدالت کا شریف خاندان کےخلاف نیب ریفرنسزمیں توسیع کےلیےسپریم کورٹ کوخط

 
0
400

اسلام آباد اگست 26(ٹی این ایس): احتساب عدالت کے جج نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز نمٹانے کی ڈیڈ لائن میں توسیع کے لیے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نمبردو کے جج ارشد ملک نے ریفرنسز میں توسیع کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔معزز جج کی جانب سے عدالت عظمیٰ کوخط میں لکھا گیا ہے کہ العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے توسیع دی جائے۔چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ 27 اگست کو ریفرنسز کی مدت میں توسیع کے حوالے سے سماعت کرے گا۔
احتساب عدالت کے جج نے ریفرنسز نمٹانے کی ڈیڈ لائن میں توسیع کے لیے سپریم کورٹ کو خط لکھا ہے۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریفرنسز مکمل کرنے کے لیے احتساب عدالت کو چھ ماہ کی ڈیڈ لائن دی تھی۔احتساب عدالت نمبر ایک کے جج محمد بشیر4 مرتبہ ریفرنسز کی مدت میں توسیع حاصل کرچکے ہیں۔ انہیں مارچ میں دو ماہ، جبکہ مئی میں ایک ماہ کی ڈیڈلاتن میں توسیع دی گئی تھی۔شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی سماعت کے لیے سپریم کورٹ نے جون میں ایک ماہ اور جولائی میں 6 ہفتوں کی توسیع کی تھی۔عدالت عظمیٰ نے آخری بار 10 جولائی کو احتساب عدالت کی ڈیڈ لائن میں 6 ہفتوں کی توسیع کی تھی۔واضح رہے کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو 27 اگست کو طلب کررکھا ہے۔