رحیم یار خان :ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی زیر صدارت ضلعی شوگر سیس کمیٹی کا اجلاس

 
0
625

شوگر ملز انتظامیہ اپنے کاشتکاروں کی مشاورت سے نئی سکیموں کی بجائے پرانی سڑکوں کی مرمت پر زیادہ توجہ دے: ڈی سی کی ہدایت

رحیم یار خان، اگست 29(ٹی این ایس):ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل کی زیر صدارت ضلعی شوگر سیس کمیٹی کا اجلاس،76کروڑ کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)احسان علی جمالی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا، ایکسین ایم اینڈ آر سید حسنین زیدی، ایکسین ہائی ویز محمد کامران، ڈی ایف سی میاں محبوب اختر سمیت شوگرملز کے جی ایم اور کاشتکار وں کے نمائدگان نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل نے کہا کہ شوگر ملز انتظامیہ اپنے کاشتکاروں کی مشاورت سے نئی سکیموں کی بجائے پرانی سڑکوں کی مرمت پر زیادہ توجہ دے جبکہ رحیم یار خان شوگر ملز او رحمزہ شوگر ملز اپنی سروس روڈ کو بہتر کریں آر وائے کے شوگر ملز قومی شاہراہ پر ٹریفک مسائل کے خاتمہ کے لئے نئی سروس روڈ تعمیر کرے۔انہوں نے کہا کہ شوگر سیزن میں ضلع بھر میں سب سے بڑا مسئلہ ٹریفک کا ہے گنے کی ٹرالیوں کے باعث ضلع بھر کی اہم شاہرات پر ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع بہت بڑا المیہ ہے امسال ہم نے سب سے زیادہ توجہ ٹریفک کنٹرول کرنے پر مرکوز رکھنی ہے او ریہ تب ہی ممکن ہے کہ شوگر ملز انتظامیہ اپنی سروس روڈز کو سابقہ مسائل دیکھتے ہوئے توسیع دیں۔انہوں نے کہا کہ شوگر سیس فنڈز سے منظور ہونے والی سڑکوں پر فوری کام شروع کرانے کے لئے کمشنر بہاولپور ڈویژن سے درخواست کی جائے گی تاکہ شوگر سیزن شروع ہونے سے قبل سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام مکمل ہو سکے۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا نے شوگر سیس فنڈز اور مل انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سکیموں بارے بریفنگ دی۔اس موقع پر شوگر مل انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔