خیبرپختونخوا کی کابینہ نے حلف اٹھالیا

 
0
549

پشاور اگست 29(ٹی این ایس): خیبرپختونخواکی کابینہ نے حلف اٹھالیا، قائم مقام گورنر مشتاق غنی نے ارکان سے حلف لیا، خزانہ کا قلمدان تیمور سلیم، محمد عاطف وزیر سیاحت اور شہرام ترکئی وزیر بلدیات بن گئے۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان کو ٹیم مل گئی، نو رکنی کابینہ نے عہدوں کا حلف اٹھالیا، قائم مقام گورنر مشتاق غنی نے کابینہ سے حلف لیا۔سابق وزیر تعلیم محمدعاطف کو نئی سرکار میں سیاحت کا قلمدان ملا، شہرام ترکئی وزیربلدیات کی کرسی پر براجمان ہوئے جبکہ وزیر صحت حشام انعام اللہ ہیں۔تیمور سلیم جھگڑا وزیر خزانہ،اشتیاق ارمڑ محکمہ جنگلات، قلندر لودھی وزیر خوراک اور شکیل احمد کووزیرریونیو بنایا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کابینہ میں زراعت کی وزارت محب اللہ دیکھیں گے جبکہ سلطان محمد وزیر قانون اور ڈاکٹرامجد علی وزیر ڈویلپمنٹ بنائے گئے ہیں۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کابینہ وزیراعظم کے وژن پرعمل درآمد کے لیے پر عزم ہیں ، وزیر سیاحت عاطف خان نے کہا کہ پہلی مرتبہ سیاحت کی وزارت کسی نے اپنی مرضی سے لی ، عمران خان سےدرخواست کی تھی سیاحت کی وزارت دی جائے۔
عاطف خان کا کہنا تھا کہ سیاحت کو فروغ دیکر نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے، سیاحت کے شعبے میں ترقی سے ذرائع آمدن بڑھائیں گے۔وزیر خزانہ تیمور سلیم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نےبڑی ذمےداری سونپی ہے ، صوبے کو مالی لحاظ سے مستحکم بنانا اولین ترجیح ہے۔وزیر بلدیات شہرام ترکئی کا کہنا تھا پہلے سے زیادہ کام کریں گے ، پی ٹی آئی ایجنڈے پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے جبکہ وزیرقانون سلطان نے کہا کہ کمزور طبقے کے لیے انصاف کی فوری فراہمی کے اقدامات کریں گے۔خیال رہے دو روز قبل خیبرپختونخوا کابینہ کیلئے وزراء اور ان کے محکموں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔