اورنج لائن ٹرین منصوبہ:عدالت کا تمام شراکت داروں کو فوری لائحہ عمل تیار کرنے کا حکم

 
0
328

لاہوراگست 30(ٹی این ایس) لاہور اورنج لائن ٹرین منصوبے میں تاخیر کے معاملے پر سپریم کورٹ نے تمام شراکت داروں کو مل کر مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں حائل رکاوٹیں ہم ہی دور کریں گے۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں لاہور اورنج لائن ٹرین منصوبے سے متعلق سماعت ہوئی۔عدالت نے ایم ڈی اورنج ٹرین منصوبہ سے کہا کہ منصوبے میں حائل رکاوٹیں ہم ہی دور کریں گے، ہمیں سادہ الفاظ میں بتائیں کہ ٹرین کب تک چلے گی۔ایم ڈی سبطین علی نے عدالت کو بتایا کہ 30 جولائی 2019 تک ٹرین چل سکے گی۔

دوران سماعت ایک موقع پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو 4 بجے بلا لیں، وزیر اعلیٰ اپنے طیارے پر آجائیں۔جس پر ایم ڈی نے کہا کہ عدالت کے تعاون سے ہمیں خاصی مدد ملے گی، وزیر اعلیٰ کو نہ بلائیں ہم مسئلہ حل کرلیں گے۔ایم ڈی نے بتایا کہ منصوبہ کے لیے چین کے بینک سے 162 کروڑ ڈالر سے زائد قرض لیا گیا ہے۔ منصوبے کا اسی فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ شراکت دار سپریم کورٹ میں ہی میٹنگ کر کے دو بجے تک آگاہ کریں، تاکہ ہم حکم جاری کردیں۔ انہوں نے تمام شراکت داروں کو مل کر لائحہ عمل تیار کرنے کا حکم دے دیا۔