سی ڈی اے نے مالی سال2019-20 کا بجٹ پیش کر دیا ہے۔مالی سال2019-20 کا یہ بجٹ 1747ملین روپے کا سر پلس بجٹ ہے

 
0
538

اسلام آباد جون 14 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے مالی سال2019-20 کا بجٹ پیش کر دیا ہے۔مالی سال2019-20 کا یہ بجٹ 1747ملین روپے کا سر پلس بجٹ ہے جس میں اخراجات کا تخمینہ24038 جبکہ محصولات کا تخمینہ25785.08ہے۔پیش کردہ بجٹ میں میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) کو حکومت پاکستان کی طرف سے بجٹ نہ ملنے کے باعث سی ڈی اے نے تنخواہوں، الاؤنسسز اور یوٹیلٹی چارجز کے لیے نئے مالی سال میں ایم سی آئی کے لیے 3000 ملین روپے مختص کئے ہیں جس کی وجہ سے سال 2019-20کے بجٹ کی مجموعی مالیت27095.78ملین روپے ہو گئی ہے۔
سی ڈی اے کے نئے مالی سال کے بجٹ میں ترقیاتی سر گرمیوں کے لیے 10873ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں جن سیکٹرز کی ڈویلپمنٹ کے لیے PC-Iمنظور ہو چکے ہیں کو شامل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں فیصل ایونیو پر سیکٹر F-7/F-8اور سیکٹر G-7/G-8 پر تعمیر ہونے والے انڈر پاسسز، برما پُل اور کیپٹل ہسپتال میں اضافی بلاک کی تعمیر کے لیے بھی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ حکومت پاکستان کی طرف سے PSDP کی مد میں ملنے والے 797.19 ملین روپے بھی مختلف منصوبوں پر خرچ کئے جائیں گے جس میں سگنل فری اسلام آباد ایکسپریس وے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ پچھلے تین ماہ میں جن منصوبوں کے PC-I اورPC-II سی ڈی اے۔ڈی ڈبلیو پی (CDA-DWP)کی 43 ویں اور44 ویں میٹنگ میں منظور ہو چکے ہیں ان تمام منصوبوں کو بھی ترقیاتی بجٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں سی ڈی اے فیصل ایونیو پر سیکٹر G-7/G-8 کے انڈر پاس اور پارک انکلیو کے باقیماندہ ترقیاتی کاموں کے لیے ٹینڈر بھی جاری کر چکا ہے۔
وفاقی حکومت کی غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کرنے کی پالیسی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سی ڈی اے نے مالی سال 2019-20 کے بجٹ میں کسی بھی غیر ترقیاتی اخراجات میں اضافے کی تجویز نہیں دی جبکہ ملازمین کی تنخواہوں،الاؤنسسز اور یوٹیلٹی چارجز کو مجوزہ بجٹ سے ہی پورا کیا جائے گا جس کے لیے ادارے میں کفایت شعاری اور غیر ترقیاتی اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لیے مالیاتی ڈسپلن کو یقینی بنایا جائے گا۔
جمعہ کے روز سی ڈی اے بورڈ کی طرف سے منظور کردہ بجٹ برائے سال 2019-20 کی حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھیجا جائے گا۔